موسم برسات کے پیش نظر سڑکیں کھودنے پر پابندی

کھلی سرکاری زمینات پر ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کی تعمیر ہوگی
حیدرآباد 3 جولائی (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے مانسون کے پیش نظر سڑکوں کی کھدائی کے کاموں پر آئندہ چھ ماہ کے لئے پابندی عائد کی ہے۔ یہ فیصلہ کل منعقد ہوئے ماہانہ اجلاس میں کیا گیا۔ اس کا مقصد عوام کو زحمت سے بچانا ہے۔ ہدایت دی گئی ہے کہ جو سڑکیں کھودی جاچکی ہیں ان کی تعمیر و مرمت مقررہ وقت کے اندر ہوجانی چاہئے۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ اور سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی تلنگانہ کو جو ایمرجنسی کاموں کے لئے سڑکیں کھودنا چاہتے ہوں عوام کو پہلے سے بتانا ہوگا کہ وہ واٹر اور سیوریج پائپ لائن اور برقی لائنس بچھارہے ہیں۔ ان محکمہ جات کو چاہئے کہ کام کی جگہ پر سائن بورڈ لگائیں اور کام کی نوعیت اور تکمیل کار کی تاریخ درج کی جائے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی بی جناردھن ریڈی نے کہاکہ آئندہ دو سال میں 2 ہزار کروڑ روپئے کے خرچ سے 2 ہزار سات سو کلو میٹر طویل واٹر پائپ لائن مستحکم کی جائے گی تاکہ حیدرآباد کے آس پاس کے علاقوں کو پینے کا پانی سربراہ کیا جاسکے۔ شہر میں گاڑیوں کی پارکنگ کے مسئلہ کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ کھلی سرکاری زمینات پر ہمہ سطحی پارکنگ کامپلکس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔