موسم برسات کیلئے ایکشن پلان تیار کیا جائے

سڑکوں کی مرمت پر توجہ کی ضرورت ۔ کے ٹی آر کی حکام کو ہدایت
حیدرآباد 2 اپریل ( این ایس ایس ) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے آج متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ شہر میں آئندہ موسم برستا کیلئے جنگی خطوط پر ایک جامع ایکشن پلان تیار کریں۔ کے ٹی آر نے ایچ ایم ڈی اے میں یہاں ایک جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ برسات کے دوران تمام محکمہ جات میں تال میل پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سڑکوں کی بروقت مرمت کیلئے فنڈز فراہم کرنے تیار ہے ۔ حکومت جی ایچ ایم سی کو ہر ماہ خصوصی فنڈز بھی فراہم کریگی ۔ اس اجلاس کو اہمیت حاصل ہے کیونکہ گذشتہ سال موسم بارش میں سڑکوں کی بہتر دیکھ بھال نہ ہونے اور شہریوں کو مشکلات پر حکومت کو تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس ‘ ایچ ایم ڈی اے عہدیداروں اور دیگر محکمہ جات میں بہتر تال میل کے مثبت نتائج برآمد ہونگے اور بارش سے متعلق مسائل کو بروقت حل کیا جاسکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر وارڈ کیلئے اے ای عہدیداروں کو مقرر کیا جائے اور سڑکوں کا معائنہ کروایا جائے اور جہاں کہیں ضروری ہو ان کی فوری مرمت کروائی جائے ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ جو عہدیدار سڑکوں کے کاموں سے لا پرواہی برتیں گے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ 181 ایسے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں پانی جمع ہوسکتا ہے اور 346 سڑکیں ایسی ہیں جہاں بارش سے مسائل ہوسکتے ہیں۔ ان پر کسی تاخیر کے بغیر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔