محکمہ موسمیات و جی ایچ ایم سی کا فیصلہ ، راڈارس سے ڈسپلے
حیدرآباد 26 فروری (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں بہت جلد ٹریفک کی تفصیلات کی طرز پر محکمہ موسمیات اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر موسمی پیش قیاسی کے الیکٹرانک بورڈ آویزاں کئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ انڈین میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کے علاوہ جی ایچ ایم سی نے اِس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ بہت جلد شہر حیدرآباد میں الیکٹرانک بورڈس آویزاں کرتے ہوئے شہریوں کو موسم کے متعلق تفصیلات فراہم کی جائے اور پیش قیاسی کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر وغیرہ بھی اِن بورڈس کے ذریعہ عوام تک پہنچائی جائے۔ ذرائع کے بموجب راڈار سے منسلک اِن بورڈس پر ہر تین گھنٹے میں موسمی تبدیلیوں کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ سخت ترین گرما یا بارش کی پیش قیاسی قبل ازوقت عوام تک پہنچائی جاسکے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی کے بموجب موسمی پیش قیاسی کو عوام تک پہنچانے کے لئے اِس طرح کے بورڈس آویزاں کئے جانے کے کئی فوائد حاصل ہونے کا امکان ہے کیوں کہ عوام اچانک موسم میں تبدیلیوں سے پریشانیوں کا شکار ہونے لگتے ہیں۔ اِسی لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے فیصلہ کیا ہے کہ انڈین میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ اور محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اعانت سے آٹومیٹک الیکٹرانک بورڈ آویزاں کرتے ہوئے شہریوں کو پیش قیاسی سے متعلق رپورٹس اور اطلاعات فراہم کی جائیں۔ محکمہ موسمیات کے ذرائع کے بموجب شہر میں جہاں کہیں بورڈس آویزاں کئے جائیں گے وہ متعلقہ اسٹیشن کی تفصیلات فراہم کریں گے اور عوام کو احتیاطی تدابیر کے متعلق تفصیلات فراہم کرتے رہیں گے۔ موسم باراں کے دوران بارش کے متعلق پیش قیاسیوں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا اور ہر گھنٹہ درجہ حرارت بھی اِن الیکٹرانک بورڈس کے ذریعہ پیش کیا جاتا رہے گا۔