موسمی تغیر پر پیرس کانفرنس کی تیاریاں مکمل

اوباما اور مودی کی ملاقات متوقع ، چین اور ہندوستان کانفرنس کی کامیابی کے ضامن
واشنگٹن 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر بارک اوباما آئندہ ہفتہ پیرس اجلاس میں شرکت کے موقع پر وزیراعظم ہند نریندر مودی سے بھی ملاقات کریں گے۔ وائیٹ ہاؤس کے ایک اعلامیہ کے مطابق یہ ملاقات دراصل موسمی تغیر پر ایک مستحکم عالمی معاہدہ کی جانب پیشرفت کے لئے پہلا قدم ہے۔ اطلاعات کے مطابق اوباما اور مودی کی ملاقات 30 نومبر کو ہوگی جو پیرس موسمی تغیر کانفرنس کا افتتاحی دن ہوگا۔ علاوہ ازیں اوباما صدر چین ژی جنگ پنگ سے بھی ملاقات کریں گے۔ نائب قومی سلامتی مشیر بین روہڈس نے اخباری نمائندوں کو یہ بات بتائی۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انھوں نے کہاکہ امریکہ، چین، ہندوستان اور فرانس کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے یہ پیغام دینا چاہتا ہے کہ وہ موسمی تغیر پر بین الاقوامی معاہدہ کے لئے کلیدی ممالک کے ساتھ ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ 2014 ء سے اب تک اوباما اور مودی کی یہ ساتویں ملاقات ہوگی۔ روہڈس نے کہاکہ ہندوستان کے ساتھ امریکہ کے تعلقات کا سلسلہ تقریباً سال بھر جاری رہا جس کا آغاز ہندوستان کی یوم جمہوریہ تقاریب میں صدر اوباما کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کرتے ہوئے کیا گیا تھا۔ ہند ۔ امریکہ پیرس میں منعقد شدنی موسمی تغیر کانفرنس میں یہ ثابت کرسکتے ہیں کہ کس طرح دونوں ممالک پیرس کانفرنس کے بہتر نتائج کے لئے ایک تعمیری رول ادا کرسکتے ہیں۔ یوم جمہوریہ کے علاوہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دو رخی ملاقات اور حالیہ دنوں میں مختلف کانفرنسوں میں اُن کی ملاقات ہوتی رہی ہے۔