تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں موسمی تبدیلی کی وجوہات کا جائزہ لینا ناگزیر
حیدرآباد۔27مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں غیر معمولی موسمی تبدیلی کے وجوہات سے خود محکمہ موسمیات کے عہدیداروں میں بھی بے چینی کی کیفیت پائی جاتی ہے اور کہا جار ہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے مقامی موسمی تبدیلی کے وجوہات کے سلسلہ میں تحقیق کروانے کا منصوبہ تیار کیا ہے تاکہ آئندہ برسوں میں موسمی تبدیلی کے سلسلہ میں قبل از وقت اطلاعات محکمہ موسمیات کے پاس موجود رہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں میں اس بات سے بے چینی پائی جاتی ہے کہ ریاست کے کئی مقامات میں موسلا دھار اور معمولی کی بارش کے امکانات پائے جا رہے ہیں لیکن بار ش ہو نہیں رہی ہے جبکہ گرمی کی شدت اور دھوپ کی تمازت کے سلسلہ میں جو پیش قیاسی کی جا رہی ہے وہ درست ثابت ہورہی ہے بلکہ کبھی کبھی موسم میں شدت محسوس کی جا رہی ہے۔ ماہ مارچ سے ماہ مئی کے دوران کے خشک موسم اور درجہ حرارت میں اضافہ کے سلسلہ میں ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ ریاست تلنگانہ میں موسم کی تبدیلی کے وجوہات کا جائزہ لینا ناگزیر ہوچکا ہے کیونکہ شہری علاقوں میں گرمی کی شدت کی وجوہات کا اندازہ کیا جا سکتا ہے لیکن جاریہ موسم گرما کے دوران سرد مقامات میں بھی گرمی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ باعث فکر ہے۔ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ شہر حیدرآباد اور سکندرآباد میں جو گرمی کی لہر جاری ہے اس کا سلسلہ میں آئندہ 15یوم جاری رہنے کا بھی خدشہ ظاہر کیاجانے لگا ہے کیونکہ محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ مانسون کی آمد میں تاخیر اور بارش کے نہ ہونے کے سبب گرمی کی لہر اور گرم ہواؤوں سے پیدا ہونے والی لو اس وقت تک جاری رہے گی جب تک شہر میں بارشوں کا سلسلہ شروع نہیں ہوجاتا اور ٹھنڈی ہواؤں کا آغاز نہیں ہوتا۔ بتایاجاتا ہے کہ 40 ڈگری سے متجاوز کرنے والے درجہ حرارت کا سلسلہ 2015 کے دوران طویل رہا اور اس برس تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں کئی لوگ گرمی کی شدت کے سبب لقمۂ اجل بنے تھے اور اس مرتبہ بھی گرمی کی شدت میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے اور کہا جار ہاہے کہ جاریہ سال بھی 40سے زائد ڈگری درجہ حرارت کافی طویل رہنے کے باوجود بھی عوام میں شعور اجاگر کرتے ہوئے انہیں سخت دھوپ میں نکلنے سے روکنے میں کامیابی حاصل کی گئی ہے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ جاریہ سال اموات کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ نہیں کیا جارہا ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ شہر کے کئی مقامات پر علحدہ علحدہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا جا رہاہے جس کے سبب محکمہ موسمیات نے شہر میں ریکارڈ کئے جانے والے موسمی تغیرات پر تحقیق کروانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ آئندہ کسی بھی قسم کے حالات اور موسمی سختیوں سے نمٹنے کے اقدامات کئے جاسکیں۔