حیدرآباد۔ 2اکٹوبر(سیاست نیوز) موسلا دھار بارش کے دوران شہر میں تین اموات واقع ہوئی ہیںا ور ان میں ایک موت محبوب چوک میں برقی شاک لگنے سے افسر نامی نوجوان کی ہوئی جبکہ زہرہ نگرسنگاڑی کنٹہ علاقہ میں دیوار گرنے سے باپ اور بیٹا فوت ہوگئے جن کی شناخت 35 سالہ جان ایدولو اور 6ماہ کے شیر خوار جوزف کی حییثت سے شناخت کی گئی جبکہ جان کی اہلیہ 30سالہ میرا شدید زخمی ہوگئی ۔محبوب چوک میں برقی تار کے لاری کو چھونے اور اس لاری کا سہارا لینے کی کوشش کرنے والے 35سالہ افسر بیگ ساکن شاہین نگر کی برسر موقع موت واقع ہوگئی ۔ افسر بیگ کی شاک لگنے سے موت کی اطلاع کے ساتھ ہی جناب میرکمال الدین علی خان ڈائریکٹر ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل نے جائے واقعہ پہنچ کر محکمہ برقی کی جانب سے 4لاکھ روپئے ایکس گریشیاء کی حوالگی کا اعلان کیا۔ بنجارہ ہلز سنگاڑی کنٹہ میں دیوار منہدم ہونے کے مقام کا ڈپٹی مئیر جناب بابا فصیح الدین نے معائنہ کیا اور زخمی خاتون کی عیادت کی ۔کمشنر پولیس ایم مہندر ریڈی نے شہری پولیس انتظامیہ بشمول لاء اینڈ آرڈر‘ ٹریفک‘ ٹاسک فورس اور سٹی آرمڈ ریزرو فورسس کو متحرک و چوکس رہنے کی ہدایت جاری کردی اور محکمہ فائر سروس کی خدمات کو بھی ہنگامی حالات کیلئے تیار رہنے کی تاکید کردی گئی ہے۔مختلف علاقوں میں ہوئی اموات کے سلسلہ میں حسینی علم پولیس اسٹیشن کے علاوہ بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن کے حدود میں علحدہ مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔