لکھنؤ، 28جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے بیشتر علاقوں میں جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 56 افراد ہلاک ہوگئے ۔ وزیر اعلی یوگی ادیتیہ ناتھ نے متاثرہ علاقوں میں راحت اور بچاو کے کاموں میں تیزی لانے کا حکم دیا ہے ۔انہوں نے آج افسران کو ہدایت دی کہ پرانی اور خستہ حال عمارتوں کو خالی کرالیا جائے تاکہ انہدام کی صورت میں جانی نقصان سے بچا جاسکے ۔ سہارن پور اور میرٹھ میں بارش کی وجہ سے آج مکانات منہدم ہونے سے پانچ بچوں سمیت آٹھ لوگوں کی موت ہوگئی۔بھاری بارش سے مغربی اترپردیش میں معمولات زندگی متاثر ہوئے ۔پانی بھرنے سے اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے ۔ نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے ۔