مور ہندوستان کا قومی پرندہ

بچو! مور ہمارا قومی پرندہ ہے ۔ مور کا تعلق دراصل تیتر کے خاندان سے ہے ۔ جو انتہائی حسین و جمیل اور رنگ برنگے پرندوں کا خاندان ہے ۔ مور کا اصل وطن مشرق بعید ہے ۔ ان کی دو قسمیں ہیں ۔ ایک تو عام قسم کے مور یا ہندوستانی نسل کے مور جو سندربن ( بنگال ) کے سوا سارے ہندوستان اور سری لنکا میں پائے جاتے ہیں ۔ ان کے سینے کا رنگ نیلا ہوتا ہے ۔ دوسری قسم کا سبز رنگ کے سینے والا مور آسام ، برما ، ملایشیا اور جاواوسماترا میں پایا جاتا ہے ۔ ان کی گردن سنہری ہوتی ہے ۔ جاپان میں سفید مور بھی ملتے ہیں جو اپنی سادگی کے باوجود بڑے پیارے لگتے ہیں ۔ مور شروع سے مقدس پرندہ سمجھا گیا ہے ۔ مور ڈیل ڈول میں گِدھ کے برابر ہوتا ہے ۔ اس کی چونچ نوک دار سیدھی ، دو انچ لمبی اور سر پر تاج نما کلغی ہوتی ہے جو پنکھے جیسی ترچھی ہوتی ہے ۔ سارے جسم پر مخمل کی طرح ملائم اور نیلے رنگ کے پر ہوتے ہیں۔ گردن اور سینے پر ان کا رنگ نسبتاً گہرا ہوتا ہے ۔ مور کا جسم تین تا سوا تین فٹ لمبا اور وزن تقریباً ساڑھے پانچ کیلوگرام ہوتا ہے ۔ یوں تو اس کے سر کلغی ، اور سینے میں بڑے ہی خوبصورت رنگوں کا امتزاج ہوتا ہے ۔ مگر اس کی دُم پر پھیلے ہوئے پر جن کے کنارے پر روپے کے سکے کے برابر گول آدھے چاند یا آنکھ جیسے نشان ہوتے ہیں ۔وہ بڑے خوشنما ہوتے ہیں مور کی دُم عام طور پر 55 سے 72 انچ تک لمبی ہوتی ہے ۔