موریہ بادشاہوں کے سکے

بچو! موریہ خاندان کا بانی چندر گپت موریہ ہندوستان کا وہ پہلا بادشاہ ہے جس نے چھوٹی چھوٹی ریاستوں کو ایک کرکے بڑی سی سلطنت قائم کی اس کے سکے پہلے کے ہی سکوں کی طرح ہیں یعنی ان پر کچھ لکھا نہیں ملتا بلکہ پانچ طرح کے نشانات پائے جاتے ہیں ۔

البتہ اُن سکوں کا وزن برابر ہے اور اس وقت سارے ملک میں برابر وزن کے سکے چلنے لگے تھے جو تین گرام سے کچھ زیادہ ہوا کرتے تھے ۔ چندر گپت کا ایک نہایت قابل وزیر تھا چانکیہ جس کا دوسرا نام کوٹلیہ بھی ہے اُس نے علم الاقتصاد نامی ایک کتاب لکھی ہے جس سے ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ اُس وقت سکہ بنانے کا سارا اختیار راجا نے اپنے ہاتھ میں لے لیا تھا اور راجا کے علاوہ کسی اور کو سکہ بنانے کی اجازت نہ تھی ۔ یہ سکے کارشاپن کے نام سے پکارے جاتے تھے 1/2 اور 1/4 کارشاپن کے سکے بھی بنتے تھے اس سے کم قیمت کے سکے تانبے کے بنائے جاتے تھے ۔ موریہ خاندان کے بادشاہوں کی حکومت 322 قبل مسیح سے ایک سو پچاسی سال پہلے تک قائم رہی ۔ اس خاندان کا راجا اشوک بہت مشہور ہوا ۔