بھوپال 30 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر اوما بھارتی نے آج کہا کہ مرکز میں نریندر مودی کے وزیراعظم رہتے اور یو پی میں آدتیہ ناتھ کے چیف منسٹر رہتے ہوئے بھی اگر رام مندر مسئلہ کا کوئی حل دریافت نہیں ہوا تو ملک کے عوام کو صدمہ اور حیرت ہوگی ۔ اوما بھارتی ان قائدین میں شامل تھیں جنہوں نے رام مندر کیلئے زبردست مہم چلائی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر نریند رمودی وزیر اعظم ہیں اور آدتیہ ناتھ چیف منسٹر ہیں تب بھی مسئلہ کا کوئی حل دریافت نہیں ہوپایا تو پھر عوام کو حیرت ہوگی کہ اس مسئلہ کے حل کیلئے کس کو تلاش کریں۔ اس سے عوام کو صدمہ بھی ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو 1984 میں دو لوک سبھا نشستوں سے 1989 میں 84 لوک سبھا نشستوں تک پہونچانے میں مندر تحریک کا بڑا رول رہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ مندر تحریک ہی کا اثر ہے ہے کہ بی جے پی نے 2014 میں 284 نشستوں سے کامیابی حاصل کی ہے ۔ ایسے میں مودی اور یوگی سے لوگوں کی امیدیں ہیں کہ وہ مسئلہ کا حل دریافت کرینگے لیکن اگر ایسا نہیں ہوا تو عوام کو صدمہ ہوگا ۔