واشنگٹن ۔ /2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے نیویارک دہشت گرد حملہ کے بعد صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو فون کیا اور اس واقعہ پر اظہار افسوس کے ساتھ تعزیت پیش کی ۔ وائیٹ ہاؤز نے بتایا کہ اس بات چیت کے بعد وزیراعظم نریندر مودی اور صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے عہد کیا کہ وہ عالمی سطح پر پھیلتے جارہے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ طور پر مقابلہ کریں گے ۔ وائیٹ ہاؤز نے کہا کہ ٹرمپ نے مودی سے بات چیت کرتے ہوئے نیویارک سٹی میں کل کے دہشت گرد حملہ کے بعد نریندر مودی کے اظہار تعزیت کو قبول کیا ۔ مودی نے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور متاثرین اور ان کے لواحقین کے لئے دعا کی ۔ دونوں قائدین نے اس بات سے اتفاق کیا کہ ہندوستان اور امریکہ عالمی دہشت گردی کے خلاف اپنی لڑائی کو جاری رکھیں گے ۔ کل ٹوئیٹ کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے اس حملہ کی مذمت کی تھی ۔ اس حملے کو نائین الیون کے بعد نیویارک میں ہلاکت خیز حملہ سمجھا جارہا ہے ۔ وزیراعظم برطانیہ تھریسامے نے بھی فون پر ٹرمپ سے بات چیت کی ۔ وائیٹ ہاؤز نے بتایا کہ صدر ٹرمپ اور وزیراعظم برطانیہ نے انسداد دہشت گردی کارروائیوں میں مزید تعاون کی اہمیت سے اتفاق کیا ہے ۔