نئی دہلی ۔ 10 نومبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے جاریہ ماہ کے اوآخر میں نیپال میں منعقد شدنی سارک چوٹی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی کی پاکستانی ہم منصب نواز شریف سے ملاقات کے بارے میں تبصرہ سے گریز کیا ہے ۔ وزارت اُمور خارجہ کے ترجمان سید اکبرالدین سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہاکہ سارک چوٹی اجلاس کے لئے تقریباً دو ہفتے باقی ہیں اور ہند ۔ پاک روابط کے پس منظر میں یہ طویل عرصہ ہے ۔ انھوں نے کہا کہ سیاست میں ایک ہفتہ بھی کافی طویل عرصہ ہوتا ہے اور ہند ۔ پاک تعلقات کے معاملے میں دو ہفتہ کو بہت زیادہ طویل عرصہ ہوں گے ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کل کہا تھا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کا اعادہ ہو تو پاکستان کے ساتھ بات چیت نہیں ہوسکتی ۔ اس کے ساتھ ساتھ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہندوستان مذاکرات کا خیرمقدم کرے گا لیکن مذاکرات کیلئے دونوں ممالک کو ماحول تیار کرناہوگا۔ ہندوستان نے معتمدین خارجہ سطح کے مذاکرات اُس وقت منسوخ کردیئے تھے جب پاکستانی سفیر نے کشمیری علحدگی پسندوں سے بات چیت کی تھی۔ اس کے بعد سے باہمی روابط بحال نہیں ہوسکے ۔