مودی ۔ فرنویس اتحاد کی شیوسینا کی ستائش

ممبئی 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے مہاراشٹرا کی حکومت سنبھالنے سے ایک دن قبل وزیراعظم نریندر مودی اور نامزد چیف منسٹر دیویندر فرنویس نے کہاکہ ریاست اُن سے ’’اچھے دن‘‘ کی توقع رکھ سکتی ہے۔ لیکن اُس کی سابق حلیف پارٹی نے این سی پی کی تائید حاصل کرنے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہاکہ فرنویس حکومت کو ایک بڑا چیلنج ایوان اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کے وقت درپیش ہوگا اور اگر اِس پر قابو پانے کیلئے بی جے پی شردپوار زیرقیادت این سی پی پر انحصار کررہی ہے تو اِس سے اُس کی ساکھ کے بارے میں اعتراضات پیدا ہوں گے۔ آپ (بی جے پی) مہاراشٹرا کو کرپشن سے آزاد اور کانگریس ۔ این سی پی سے پاک ریاست بنانے کا تیقن دیتے ہوئے برسر اقتدار آئے ہیں۔

آپ (دیویندر فرنویس) ودربھا علاقہ سے تعلق رکھتے ہیں جہاں این سی پی نے زبردست آبپاشی اسکام کیا تھا۔ ابتداء ہی سے این سی پی کی تائید حاصل کرنا قابل اعتراض تھا۔ شیوسینا نے اپنے ترجمان ’سامنا‘ کے اداریہ میں بی جے پی حکومت کی تقریب حلف برداری سے عین قبل کہاکہ ایوان اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنا فی الحال بی جے پی کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے۔ یہ کہنا بہتر ہے کہ اقلیتی حکومت تشکیل دی جائے گی اور ہم یہ حکومت چلالیں گے لیکن دستور کے خلاف کوئی حکومت چلانا درست نہیں ہے۔ (شرد) پوار نے پوچھے بغیر تائید کی پیشکش کی ہے لیکن کیا (دیویندر) فرنویس حکومت پوار کی تائید سے چلے گی۔

شیوسینا نے تاہم فرنویس کی ریاست کو قیادت حاصل ہونے پر اظہار مسرت کیا اور کہاکہ مہاراشٹرا کیلئے یہ فخر کی بات ہے کہ ودربھا کو ایک بار پھر ریاست مہاراشٹرا کی قیادت کرنے کا موقع ملا ہے۔ اب یہ فرنویس کی ذمہ داری ہے کہ عوام کی اُمنگوں کی تکمیل کریں۔ اداریہ میں کہا گیا ہے کہ مہاراشٹرا کو مستحکم حکومت اور مستحکم چیف منسٹر کی ضرورت ہے۔ ودربھا کی دھرتی کا لال اب حکومت کی قیادت کرے گا اور ہمیں یقین ہے کہ وہ اپنے قدم زمین پر مضبوطی سے جمائے رکھے گا۔ ریاست کو اب اچھے دن کی توقع ہے کیونکہ مرکز میں نریندر اور ریاست میں دیویندر برسر اقتدار آئے ہیں۔ ہم فرنویس کا بحیثیت چیف منسٹر خیرمقدم کرتے ہیں۔ مہاراشٹرا انتخابات سے پہلے بی جے پی اور شیوسینا قائدین میں سخت تلخیاں پیدا ہوگئی تھیں اِس کے باوجود شیوسینا این ڈی اے اتحاد میں برقرار رہی اور حالیہ دنوں سے اِس کا لب و لہجہ مفاہمت پر مبنی ہوگیا ہے۔