مودی ۔پاسوان ملاقات ،سپریم کورٹ فیصلہ پر بات چیت

نئی دہلی ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایل جے پی صدر رام ولاس پاسوان اور مرکزی وزیر سماجی انصاف تاورچند گہلوٹ نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے ایک فیصلہ پر تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ اس سے درج فہرست طبقات و قبائل سے متعلق قانون کی دفعات کمزور ہوسکتی ہیں۔ بعدازاں پاسوان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’درج فہرست طبقات و قبائل قانون پر سپریم کورٹ فیصلے کے بارے میں وزیراعظم نریندر مودی سے بہتر اور تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مودی جی نے ہماری تشویش کو سماعت کیا‘‘۔ سپریم کورٹ نے 20 مارچ کو معلنہ اپنے فیصلہ میں درج فہرست طبقات و قبائل پر مظالم کے انسداد سے متعلق قانون کے تحت فوری گرفتاری کی سخت دفعات کو قدرے نرم بنادیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے سرکاری ملازمین کے خلاف اس سخت قانون کے بڑے پیمانے پر غلط استعمال کا نوٹ لیتے ہوئے کہا تھا کہ عوامی خدمت گدار کو صرف اس کا تقرر کرنے والی اتھاریٹی کی اجازت کے بعد ہی گرفتار کیا جائے۔ غیر سرکاری خدمت گذار کو سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کی اجازت سے گرفتار کیا جائے۔ سرپیم کورٹ کے اس فیصلہ کے خلاف تھاورچند گہلوٹ نے حال ہی میں مرکزی وزیرقانون روی شنکر پرساد کو مکتوب روانہ کیا تھا۔