مودی یقیناً پاکستان کا دورہ کریں گے : سرتاج عزیز

اسلام آباد۔9مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی یقینا آئندہ سال پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ سارک چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں ۔ وزیراعظم پاکستان کے مشیر خارجہ اُمور سرتاج عزیز نے آج کہاکہ وزیراعظم ہندوستان نریندر مودی آئندہ سال یقینا پاکستان کا دورہ کریں گے ۔ وہ چھٹے دانشوروں کے فورم برائے اسلامی ممالک کی دو روزہ چوٹی کانفرنس میں شرکت کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 2016ء میں سارک چوٹی کانفرنس کا میزبان ہے اور اس کے قائدین علاقائی تعاون کے سلسلہ میں چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ سارک افغانستان ‘ بنگلہ دیش ‘ بھوٹان ‘ہندوستان ‘ مالدیپ ‘نیپال ‘پاکستان اور سری لنکا پر مشتمل ہے ۔ ہند ۔ پاک تعلقات کے بارے میں سرتاج عزیز نے روزنامہ ’’ڈان ‘‘ سے کہا کہ مشترکہ مفاد کے تمام معاملات پر بات چیت کی جائے گی ۔ جب بھی بات چیت کا آغاز ہوگا ان تمام مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ حالانکہ معتمد خارجہ ہندوستان کے دورہ کا ایجنڈہ سارک تھا لیکن دونوں ممالک نے اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے باہمی اعتماد کے معاملات پر پیشرفت کی ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ باہمی اعتماد بتدریج بحال ہوجائے گا ۔ صدر چین ژی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے بارے میں بات کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ دورہ کی تواریخ کو قطعیت دی جارہی ہے۔واضح رہے کہ ہندوستانی معتمد خارجہ جئے شنکر نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کرتے ہوئے اپنے ہم منصب سے ملاقات کی ، تاہم کوئی پیشرفت نہ ہوسکی ۔ پاکستان نے توقع ظاہر کی ہے کہ ملاقات ناکام ہونے کے باوجود معتمد ین خارجہ سطح کی بات چیت کا پھر احیاء ہوگا ۔