مودی کے پہلے یوم آزادی خطاب کیلئے تیاریاں ‘تمام وزارتوں سے تجاویز طلب

ماہ جولائی کے اختتام تک نئی اسکیمات کیلئے منصوبے پیش کرنے کی ہدایت ۔ انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ ‘ روزگار کے مواقع پر توجہ کا امکان
نئی دہلی 28 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) اب جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی اپنے پہلے یوم آزادی خطاب کی تیاری کر رہے ہیں مختلف وزارتگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ جاریہ ماہ کے ختم تک مختلف شعبہ جات میں ہوئے پروگرامس کی تفصیلات پیش کریں تاکہ انہیں وزیر اعظم کی تقریر میں شامل کیا جاسکے ۔ ممکن ہوسکے تو انہیں اعلانات کی شکل بھی دی جاسکتی ہے ۔ 15 اگسٹ کو وزیر اعظم لال قلعہ کی فصیل سے جو خطاب کرینگے اس میں امکان ہے کہ انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ ‘ مہارتوں کے فروغ ‘ روزگار کے مواقع پیدا کرنے ‘ افراط زر پر قابو پانے اور ملک بھر میں 100 اسمارٹ شہروں کی تعمیر پر توجہ دی جائیگی ۔ وزارت فینانس نے دوسری وزارتوں اور محکموں کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان سے کہا ہے کہ وہ بجٹ تجاویز پر عمل آوری اور نئی اسکیمات کیلئے خاکہ تیار کریں ۔ نئی اسکیمات کی تفصیل اور ان کے آغاز کی تجاویز بھی اس میں شامل ہونی چاہئیں۔ وزارتوں اور محکموں سے کہا گیا ہے کہ وہ ماہ جولائی کے ختم تک اپنی تفصیلات روانہ کردیں جس کے بعد انہیں کابینی سکریٹری اجیت سیٹھ کو روانہ کردیا جائیگا ۔ کابینی سکریٹریٹ کی جانب سے ان تجاویز اور منصوبوں کا جائزہ لیا جائیگا اور 10 اگسٹ کے بعد یہ اہم فیصلے کئے جائیں گے کہ کس عنصر کو وزیر اعظم کی تقریر میں شامل کیا جانا چاہئے ۔ امید کی جا رہی ہے کہ لال قلعہ کی فصیل سے نریندر مودی کے خطاب کا قریبی سے جائزہ لیا جائیگا کیونکہ انہوں نے کئی موقعوں پر واضح کیا کہ ان کی اولین ترجیح بہتر حکمرانی ہوگی اور وہ ترقی پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔ ان ہی دو نعروں پر بی جے پی کو انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ یہی وجہ ہے کہ امید کی جا رہی ہے کہ نریندر مودی انفرا اسٹرکچر کے فروغ جیسے عالمی معیار کی سڑکوں کی تعمیر ‘ ائرپورٹس ‘ بندرگاہوں اور ریلوے نیٹ ورکس کو فروغ دینے پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ دریاؤں کو مربوط کرنے کا بھی منصوبہ رکھتے ہیں۔ پارلیمنٹ سے صدر جمہوریہ کے خطاب میں اپنے ویژن کو پیش کرتے ہوئے مودی حکومت نے کہا تھا کہ وہ دنیا بھر میں برانڈ انڈیا کو فروغ دیگی ۔حکومت نے ملک کی معیشت کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے وعہد کیا تھا کہ وہ شفاف اور منصفانہ پالیسیاں اختیار کریگی تاکہ سرمایہ کار کے جذبات بحال ہوسکیں اور بیرونی سرمایہ کار بھی ہندوستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہوسکیں۔ گذشتہ دو سالوں میں ہندوستانی معیشت پانچ فیصد سے کم کی شرح سے ترقی کر رہی ہے ۔ مودی حکومت اس شرح کو بہتر بنانے کا عزم رکھتی ہے ۔ حکومت توانائی سے متعلق انفرا اسٹرکچر کے علاوہ انسانی وسائل اور ٹکنالوجی کو فروغ دینے پر بھی توجہ دے رہی ہے اور اس نے وعدہ کیا ہے کہ وہ بہت جلد ایک جامع قومی توانائی پالیسی کا اعلان کریگی ۔ حکومت ہاوزنگ کے شعبہ پر بھی توجہ دینا چاہتی ہے اور اس نے صفائی اور گاؤوں میں برقی کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھی اپنے عزائم کا اظہار کیا ہے ۔