کانگریس ریاستوں سے تعصب کی شکایت، لوک پال اِدارہ ہنوز تشکیل نہیں دیا گیا
وجئے پورہ (کرناٹک)۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دو سال میں اپنے پہلے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے یو پی اے کی صدرنشین سونیا گاندھی نے آج مودی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ کانگریس زیراقتدار کرناٹک کی ریاست سے تعصب برت رہی ہے۔ انہوں نے ان کے نعرہ ’’سب کا ساتھ سب کا وِکاس‘‘ پر شدید اعتراض کیا۔ وزیراعظم کے خلاف جوابی وار کرتے ہوئے انہوں نے سدا رامیا حکومت پر مودی کی شدید تنقید کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپشن کے مبینہ الزامات پر سدا رامیا حکومت پر تنقید کی جارہی ہے۔ انہوں نے جاننا چاہا کہ لوک پال کے قیام کے سلسلے میں کیا پیشرفت ہوئی جس کے قیام کی تجویز موجود ہے اور جو انسداد کرپشن نگران کار ادارہ ہے۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت کرناٹک میں ہماری حکومت کے خلاف تعصب کا رویہ اختیار کئے ہوئے ہے۔ کیا یہی آپ کا ’’سب کا ساتھ سب کا وِکاس‘‘ ہے؟ انہوں نے کہا کہ مودی اچھے مقرر ہیں اور کسی اداکار کی طرح تقریریں کرتے ہیں لیکن اس سے عوام کو مطمئن نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ لوک پال قانون ایک عرصہ سے صدارتی منظوری کا منتظر ہے۔ اسے جنوری 2014ء میں صدرجمہوریہ ہند کے پاس روانہ کیا گیا تھا جس میں انسداد جعل سازی، نگران کار ادارہ کی تشکیل کی تجویز موجود ہے۔ جس کے لحاظ سے وزیراعظم جو اس کے دائرۂ کار میں شامل ہوجائیں گے حالانکہ وزیراعظم کو چند تحفظات حاصل ہیں تاہم یہ اِدارہ ہنوز تشکیل نہیں دیا گیا۔