مودی کے مخالفین کیلئے ہندوستان میں جگہ نہیں

ایسے لوگ پاکستان جاسکتے ہیں ، بی جے پی لیڈر گریراج سنگھ کی زہر افشانی
گوڈا ۔ 19 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بی جے پی آج پھر ایک پریشان کن صورتحال سے دوچار ہوگئی کیوں کہ پارٹی کے سینئیر لیڈر گریراج سنگھ نے جھارکھنڈ میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کی مخالفت کرنے والوں کے لیے ہندوستان میں کوئی جگہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی کو روکنے کی کوشش کرنے والوں کے لیے انتخابی نتائج کا اعلان ہونے کے بعد ہندوستان میں کوئی جگہ نہیں رہے گی ۔ انہوں نے یہاں تک کہدیا کہ ایسے لوگ پاکستان میں جگہ تلاش کرسکتے ہیں ۔ گریراج سنگھ کو بی جے پی نے بہار کے نوادا لوک سبھا حلقہ سے اپنا امیدوار نامزد کیا ہے ۔ انہوں نے پارٹی کے ایک اور سینئیر لیڈر نتن گڈکری کی موجودگی میں یہ تبصرہ کیا ۔ گریراج سنگھ نے اس سے پہلے نوادا سے مقابلہ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا کیوں کہ وہ بیگو سرائے سے مقابلہ کرنا چاہتے تھے تاہم پارٹی صدر راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کے بعد انہوں نے نوادا لوک سبھا نشست سے مقابلہ کی حامی بھری ۔ اس سے پہلے انہوں نے ٹوئٹر پر یہ ریمارک کرتے ہوئے سیاسی ہنگامہ کھڑا کردیا تھا کہ نریندر مودی بہت جلد چیف منسٹر بہار نتیش کمار کا سیاسی کیرئیر ختم کردیں گے ۔ اس تبصرہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جنتا دل ( یو ) لیڈر علی انور نے کہا کہ بی جے پی ایک فسطائی طاقت ہے اور وہ اسی نظریہ پر کار بند ہے ۔۔