نئی دہلی ،8مئی (سیاست ڈاٹ کام )انتخابی کمیشن نے اترپردیش کے پرتاپ گڑھ میں انتخابی ریلی میں سابق وزیراعظم راجیوگاندھی کو بدعنوان نمبرایک قراردینے والے وزیراعظم نریندرمودی کے بیان کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی ہے اور معاملہ ابھی اسکے زیرغور ہے ۔کمیشن نے اترپردیش کے اعلی انتخابی افسر سے مسٹر مودی کی چھ مئی کی تقریر کے اصل مواد کی نقل مانگی تھی اور اسے اس بارے میں پوری رپورٹ مل گئی ہے ۔ واضح رہے کہ کانگریس نے نریندر مودی پر اس تقریر کے ذریعہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام لگایاتھا۔مسٹر مودی کے اس بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیاگیاتھا۔کانگریس صدر راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے نریندر مودی کے بیان پر سخت نکتہ چینی کی تھی ۔آنجہانی وزیراعظم راجیوگاندھی کانام بوفورس کے معاملہ میں لیاگیاتھا لیکن دہلی ہائی کورٹ نے انھیں بری کردیاتھا پھر بھی مسٹر مودی نے اپنی تقریر میں راجیو گاندھی کو بدعنوان نمبر ایک کہاتھا۔