مودی کے دورہ جاپان سے کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا : سی پی ایم

نئی دہلی 4 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سی پی ایم نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ جاپان سے کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوگا اور ان کا یہ اعلان بھی کارآمد نہیں ہوسکتا کہ ان کے دورہ سے ہندوستان کو 20 لاکھ کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری حاصل ہوگی ۔ پارٹی نے کہا کہ یہ اعلانات محض پروپگنڈہ کا حصہ ہیں۔ نریندر مودی نے اپنے دورہ جاپان کے بعد بیان دیا تھا کہ جاپانی کمپنیاں ہندوستان میں 20 لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کرینگی ۔ سی پی ایم لیڈر سیتارام یچوری نے ان کے اس اعلان کے تعلق سے کہا کہ ماضی میں اکثر و بیشتر ایسا ہوا ہے اور نہ صرف اعلانات کئے گئے ہیں بلکہ یادداشت مفاہمت پر بھی دستخط کئے گئے ہیں۔

لیکن بعد میں ان پر کسی طرح کی عمل آوری نہیں ہوسکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا سرمایہ کاری کے اس معاہدہ پر عمل آوری ہوسکتی یا نہیں ۔ یہ بھی دیکھے جانے کی ضرورت ہے کہ آیا ہمارے ملک کی پیداواری صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوگا یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض ممالک صرف ہمارا وسائل ‘ خام مال سے استفادہ کرنے کے علاوہ سستے مزدوروں کی خدمات سے استفادہ کرتے ہیں اور یہاں کوئی خاص ترقی نہیں ہوتی ۔ اس کے نتیجہ میں ہندوستان کو فائدہ ہونے کی بجائے نقصان ہوتا ہے ۔ یچوری نے پارٹی کے ترجمان اخبار ’’ پیپلز ڈیموکریسی ‘‘ میں ایک ادارہ میں اس خیال کا اظہار کیا ۔

انہوں نے کہا کہ جاپان کے ساتھ جو معاہدے ہوئے ہیں ان کے ساتھ بھی ایسا ہی کچھ ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ کے بعد معاشی سست روی اور انحطاط کے اثرات ختم ہونے لگے ہیں اور اس صورتحال کا فائدہ اٹھانے کیلئے جاپان ہوسکتا ہے کہ ہندوستان کی جانب توجہ دے سکتا ہے تاکہ یہاں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرسکے ۔ انہوں نے آر ایس ایس ۔ بی جے پی پر جھوٹ کو بار بار دہرانے کا الزام عائد کیا تاکہ اسے سچ سمجھا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اس طرح کے پروپگنڈہ کی حکمت عملی نریندر مودی حکومت کا اصل حصہ بن گئی ہے اور ساتھ ہی آر ایس ایس کی جانب سے فرقہ وارانہ اعتبار سے حساس نوعیت کے مسائل کو اٹھایا جارہا ہے اور اس کی ہم قبیل تنظیمیں بھی ایسا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے اپنے دورہ جاپان کے موقع پر یہ تاثر دیا کہ اپنے ابتدائی 100 ایام میں انہوں نے کرشمے کردئے ہیں اور ہندوستان کی تصویر بدل دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف پروپگنڈہ کا حصہ ہے ۔