شکست سے خوف زدہ عناصر کا غلط پروپگنڈہ: شبانہ اعظمی
ممبئی۔ 11 ممبئی (سیاست ڈاٹ کام) مشہور اداکارہ شبانہ اعظمی نے ہفتہ کو کہا کہ ان سے متعلق ایک جھوٹی خبر گشت کررہی ہے کہ اگر مودی دوبارہ وزیراعظم بنتے ہیں تو وہ ہندوستان چھوڑ دیں گی۔ بالی ووڈ اداکارہ جو اکثر مخالف اکثریتی خیالات کے اظہار پر اخباروں کی سرخیوں میں رہی ہیں، اپنے ٹوئٹر پر کہا کہ اس طرح کی خبر بے بنیاد اور جھوٹی ہیں۔ اعظمی نے کہا کہ وہ اس ملک میں پیدا ہوئی ہیں اور اس میں مریں گی اور اس طرح کی خبر جھوٹ پھیلانے والے پروپگنڈہ ہے۔ اس طرح کی جھوٹی خبر پھیلانے کا مقصد جھوٹ کو بار بار دہرانا ہے تاکہ عوام سچ تصور کرلیں۔ ان عناصر کو چونکہ ناکامی کا خوف ہے، اس لئے اپنے چہرے کو ظاہر کرنے کی ان میں ہمت نہیں ہے۔ 68 سالہ اداکارہ نے کہا کہ ان کے والد کیفی اعظمی نے ان کو سکھایا تھا کہ اپنے مخالفین سے دشمن کی طرح پیش نہ ہوں۔