اقوام متحدہ ۔ 27 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وزیر اعظم نریندر مودی اور بعض کشمیری علحدگی پسند گروپس کے نمائندوں کے مابین آج اقوام متحدہ ہیڈکوارٹر کے باہر لفظی جھڑپ ہوگئی ۔ مودی آج پہلی مرتبہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کے لیے پہنچے ، ان کا خیر مقدم کرنے کے لیے ہندوستانی نژاد امریکی عوام کی کثیر تعداد ہیڈکوارٹر کے باہر جمع تھی ۔ وہ پلے کارڈس تھامے مودی کے نعرے لگا رہے تھے ۔ لیکن کچھ ہی دیر میں بعض کشمیری علحدگی پسند گروپس بھی بیانرس تھامے یہاں پہنچ گئے اور وہ مخالف ہندوستان نعرے لگا رہے تھے ۔ سات گروپس بشمول آل جموں اینڈ کشمیر مسلم کانفرنس ، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے اقوام متحدہ سکریٹری جنرل بان کی مون کو موسومہ مکتوب کی نقل میڈیا کے حوالے کی ۔ انہوں نے 2002 گجرات فسادات کے لیے مودی پر تنقید کی اور ہندوستان اور پاکستان کے مابین معتمدین خارجہ سطح کی بات چیت منسوخ کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ کشمیری علحدگی پسند گروپس مخالف ہند نعرے لگا رہے تھے اس وقت پولیس دونوں گروپس کے مابین حائل ہوگئی تاکہ کوئی جھڑپ نہ ہو ۔ اقوام متحدہ عمارت کے باہر سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔۔