غلام علی کے خلاف شیوسینا کے احتجاج کی تائید ۔ ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے
ممبئی ۔ 29 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : وزیر اعظم نریندر مودی کے متواتر بیرونی دوروں پر اعتراض کرتے ہوئے مہاراشٹرا نونرمان سینا صدر راج ٹھاکرے نے آج یہ الزام عائد کیا ہے کہ ہندوستان کی تاریخ میں نریندر مودی پہلے وزیر اعظم ہے جن کا زیادہ تر وقت بیرونی ممالک میں گذرا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کس نوعیت کی حکومت مسلط کرلی ہے جو کہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی بجائے ہر ایک چیز پر تحدیدات لگارہی ہے ۔ اور ہم ایک ایسا وزیر اعظم بھی رکھتے ہیں جو کہ ہندوستان میں کم بیرونی ممالک میں زیادہ وقت گذارتا ہے ۔ مسٹر ٹھاکرے آج یہاں انڈیا ٹوڈے کے کنکلیو سے مخاطب تھے ۔ انہوں نے وزیر اعظم کا تمسخر اڑاتے ہوئے کہا کہ میں نے سنا ہے کہ سلمان خاں ، فلم بجرنگی بھائی جان 2 بنانے والے ہیں ۔ جس میں یہ دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ نریندر مودی کو بیرونی ممالک سے ہندوستان واپس لارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اکٹوبر 2015 تک نریندر مودی نے 28 بیرونی دورے کئے ہیں ۔ جس میں زیادہ تر ایشیائی ممالک کے دورے شامل ہیں ۔
ممبئی ۔ احمد آباد کے درمیان بلٹ ٹرین کی تجویز پر تنقید کرتے ہوئے مسٹر راج ٹھاکرے نے سوپر فاسٹ ٹرین کی شروعات کے مقاصد پر سوالات اٹھائے اور کہا کہ صرف ممبئی ۔ احمد آباد کے درمیان ہی بلٹ ٹرین کیوں ؟ دوسری ریاستوں کے لیے کیوں نہیں ، اس ٹرین کا مقصد ہے کیا ہم گجرات جائیں اور ڈھوکلہ ( گجراتی غذاء ) کھا کر واپس آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور شیوسینا کے درمیان تعطل کے باوجود حکومت بلا رکاوٹ چل رہی ہے ۔ بظاہر یہ دونوں جماعتیں سستی شہرت کے لیے دست و گریباں ہے لیکن اس طریقہ سے میاں بیوی بھی نہیں لڑتے ۔ اگرچیکہ چیف منسٹر کا کہنا ہے کہ سب کچھ ٹھیک ہے لیکن شیوسنا کے وزراء سے پوچھا گیا تو حقیقت کچھ اور ظاہر ہوتی ہے ۔ اب تو صرف بی جے پی میں اور اس کی حلیف جماعتوں کے اچھے دن چل رہے ہیں ۔ تاہم غزل گلوکار غلام علی کے خلاف شیوسینا کے احتجاج کی تائید کرتے ہوئے راج ٹھاکرے نے کہا کہ یہ مخالفت غلام علی کے لیے نہیں ہے بلکہ ہمارے فنکاروں کو پاکستان میں وہ پذیرائی نہیں ملتی جس کے وہ مستحق ہیں ۔