نئی دہلی۔ 26 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی لیڈر نریندر مودی نے آج ملک کے 15 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف لیا۔ ان کے ساتھ ساتھ45 رکنی کابینہ میں شامل اہم رفقاء نے بھی حلف لیا۔ سینئر بی جے پی لیڈر ارون جیٹلی کو وزرات فینانس کے ساتھ ساتھ دفاع کی زائد ذمہ داری دی گئی ۔ سشما سوراج وزیر اُمور خارجہ اور راج ناتھ سنگھ وزیر داخلہ ہوں گے ۔ وینکیا نائیڈو کو اربن ڈیولپمنٹ اور پارلیمانی اُمور کا قلمدان دیا گیا ۔ اس کے علاوہ کابینہ میں شامل واحد مسلم نمائندہ نجمہ ہبت اﷲ کو اقلیتی اُمور کا قلمدان تفویض کیا گیا۔ سمرتی ایرانی وزیر فروغ انسانی وسائل اور نتن گڈکری سرفیس ٹرانسپورٹ کے علاوہ سدانند گوڑا وزیر ریلوے ہوں گے ۔
روی شنکر پرساد کو ٹیلی کام اور اوما بھارتی کو وزیر آبی وسائل اور گنگا کی صفائی کا قلمدان دیا گیا ہے۔ مودی نے خدا کے نام پر حلف لیا۔ راشٹرپتی بھون کے سبزہ زار پر منعقدہ حلف برداری تقریب میں بشمول وزیراعظم پاکستان نواز شریف پڑوسی ممالک کے سربراہان ، قومی سیاسی قائدین ، بالی ووڈ اسٹارس اور کارپوریٹ اداروں کے سربراہان کی کثیرتعداد 3,000 منتخب مہمانوں میں شامل تھی ۔ نریندر مودی کے بشمول 45 رکنی کابینہ میں 24 کابینی درجہ کے وزیر ہیں جبکہ 10 مملکتی وزراء اور 11 آزادانہ چارج کے ساتھ مرکزی مملکتی وزراء شامل ہیں ۔ این ڈی اے حلیفوں میں ایل جے پی کے رام ولاس پاسوان اور شرومنی اکالی دل کے آہر سمراٹ سنگھ بادل نے بھی کابینہ میں جگہ پائی ہے ۔مودی کی کابینہ میں 7 خاتون وزراء کو شامل کیا گیا ہے جن میں 6 کابینی درجہ کے ہیں ۔ یہ بھی اتفاق ہے کہ کابینہ میں سب سے کم عمر اور سب سے معمر دونوں خواتین ہیں۔ سمرتی ایرانی 38 سال کی ہیں اور نجمہ ہبت اﷲ 74 سال کی ہیں۔
سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور صدر کانگریس سونیا گاندھی کے علاوہ اُن کے فرزند راہول گاندھی نے تقریب حلف برداری میں یو پی اے کی نمائندگی کی ۔ سابق یو پی اے وزراء چدمبرم ، شردپوار ، پرفل پٹیل ، جئے رام رمیش اور پلم راجو بھی موجود تھے ۔ تقریب حلف برداری سے پہلے مودی نے ٹوئٹر پر عوام سے اظہارتشکر کیا۔ تقریب حلف برداری کے فوری بعد صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ میں انھوں نے سارک ممالک کے قائدین بشمول وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے ملاقات کی ۔ وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالتے ہی نریندر مودی نے آج رات سرکاری عہدیداروں سے ملاقات کی ۔ سمجھا جاتا ہے کہ انھوں نے سارک ممالک کے سربراہان سے ملاقات کے بارے میں واقفیت حاصل کی ۔ وہ کل وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے بشمول تمام سارک قائدین سے باہمی ملاقات کرنے والے ہیں۔