بکسر ۔ 29 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کو ایک انتشار پسند لیڈر قرار دیتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی صدر مایاوتی نے آج اندیشہ ظاہر کیا کہ اگر نریندر مودی کو مرکز میں اقتدار کے لیے ووٹ دیا گیا تو ملک بھر میں فرقہ وارانہ فسادات بھڑک اٹھیں گے ۔ بکسر سے بی ایس پی کے امیدوار داون باروکے حق میں ضلع بکسر میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ مودی ایک پست ذہن کے لیڈر ہیں جنہوں نے 2002 میں گجرات فسادات کی قیادت کی ۔ اگر انہیں مرکز میں حکومت بنانے دیا گیا تو پھر گجرات فسادات کا ملک بھر میں احیا ہوگا ۔ ملک کے عوام کی قسمت چیف منسٹر گجرات کے ہاتھوں سونپ دی جائے تو حالات بگڑ جائیں گے ۔
عام انتخابات میں کامیابی خطرناک ہوگی ۔ آپ لوگوں کو ( رائے دہندے ) یہ یقینی بنانا ہوگا کہ مودی کسی بھی صورت مرکز تک نہ پہونچیں ۔ سابق چیف منسٹر اترپردیش مایاوتی نے مودی پر یہ بھی تنقید کی کہ مودی ملک کی یکجہتی اور احاد کے لیے خطرہ ہیں ۔ بہوجن سماج پارٹی سربراہ جنہوں نے پانچ سال کے لیے یو پی اے حکومت دوم کی باہر سے تائید کی تھی ۔ بی جے پی کے عہد کا بھی سوال اٹھایا ۔۔