بینک ملازمین کی ہڑتال سے اظہاریگانگت، سی پی آئی قائد سدھاکر ریڈی
حیدرآباد ۔ 25 جون (این ایس ایس) سی پی آئی نے مختلف ریاستوں کے سنٹرل بینک ملازمین کی جانب سے بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کی تائید کی ہے۔ یہاں آر ٹی سی کلیان منڈپم میں بینک ملازمین کی جانب سے قومی سطح پر 2 ستمبر کو منعقد کی جانے والی ہڑتال سے اظہاریگانگت کرتے ہوئے سی پی آئی قومی سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے وزیراعظم نریندر مودی کے کارپوریٹ شعبہ کے حق میں معاشی پالیسی اور مزدوروں، ملازمین اور عوام کے مفادات کو کچلنے کی پالیسیوں کی شدید مذمت کی۔ سی پی آئی قائد نے کہا ہیکہ بریکسٹ پالیسی کے سبب یوروپی یونین کو دھکا لگا ہے۔ اس سے ترقی یافتہ ممالک پریشان ہیں۔ انہیں ڈر ہیکہ دیگر ممالک کے مزدور ان کی سرزمین پر مزید طاقتور ہوں گے۔ سی پی آئی قائد سدھاکر ریڈی نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پناما فہرست کے افشاء کے باوجود مودی حکومت ملک کو کالادھن واپس لانے میں پوری طرح ناکام ہے۔ انہوں نے ملک میں افراط زر کی بڑھتی شرح اور مالی بحران کو مودی حکومت کی ناکامی قرار دیا۔ انہوں نے بینک ملازمین سے کہا ضرورت اس بات کی ہیکہ مودی حکومت پر موافق عوام فیصلوں کیلئے دباؤ ڈالا جائے۔