ڈالر کے مقابل روپے کی قدر میں گراوٹ کا مودی کی والدہ کی عمر سے تقابل کرنے پر تنازعہ، چیف منسٹر گجرات کا اظہار برہمی
اندور 23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر راج ببر کے ریمارک پر تنازعہ پیدا ہوگیا ہے۔ راج ببر نے ڈالر کے مقابل روپے کی گرتی قدر کا تقابل وزیراعظم نریندر مودی کی والدہ کی پیرانہ سالی سے کیا اور کہاکہ جس طرح مودی کی والدہ کی عمر ڈھل رہی ہے ہندوستانی کرنسی بھی امریکی ڈالر کے مقابل کمزور ہوتی جارہی ہے۔ کل کئے گئے اس ریمارک کے بعد بی جے پی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے راج ببر سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا۔ بی جے پی نے صدر کانگریس راہول گاندھی سے بھی معذرت خواہی کا مطالبہ کیا ہے۔ راج ببر نے یہ ریمارک جمعرات کے دن مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں ایک انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا تھا۔ اندور میں 28 نومبر کو رائے دہی مقرر ہے اور 11 ڈسمبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ راج ببر نے مزید کہاکہ مسٹر پرائم منسٹر ایک ایسے وقت جب آپ نے ان کاک (منموہن سنگھ) نام احترام سے نہیں لیا ہے اگرچیکہ ہماری روایت رہی ہے کہ ہم اس طرح کے ریمارکس کی ہرگز اجازت نہیں دیتے۔ اس تعلق سے ہم یہ کہنا چاہتے ہیں کہ روپے کی قدر بھی اب آپ کی والدہ محترمہ کی عمر کی طرح گرتے جارہی ہے۔
نریندر مودی کی والدہ ہیرا بائی معمر خاتون ہیں۔ روپے کی قدر میں مسلسل گراوٹ درج کی جارہی ہے اور آج ڈالر کے مقابل روپے کی قدر 70 روپئے ہوگئی ہے۔ بی جے پی نے راج ببر کے ریمارک کی مذمت کی۔ بی جے پی کے قومی ترجمان سمبت پاترا نے کہاکہ اس طرح کے غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کرنا مناسب نہیں ہے اور کسی کی بھی ماں کو سیاست میں گھسیٹنا بھی ٹھیک نہیں ہے لیکن کانگریس نے وزیراعظم کی والدہ کے خلاف جو رویہ اختیار کیا ہے وہ قابل مذمت ہے۔ اس طرح کی زبان وزیراعظم کے خلاف بھی استعمال نہیں کی جاسکتی۔ راہول گاندھی کو اس پر معذرت خواہی کرنی چاہئے اور یہ وضاحت کرنی ہوگی کہ آیا وہ اس طرح کے متنازعہ بیانات کی توثیق کرتے ہیں۔ اس دوران چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی نے کانگریس لیڈر راج ببر سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کیا۔ روپانی نے راج ببر کے بیان کو نفرت انگیز اور توہین آمیز قرار دیا اور کہاکہ اس طرح کے بیانات دے کر اپوزیشن پارٹی اپنی مایوسی کا اظہار کررہی ہے کیوں کہ اسے عوام کی تائید سے محرومی اور انتخابات میں ناکامی کا خوف ہورہا ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم مودی نے کہا تھا کہ روپے کی قدر میں اس طرح گراوٹ ہورہی ہے جس طرح سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کی عمر گھٹتے جارہی ہے۔ اب اس کا جواب دیتے ہوئے راج ببر نے کہاکہ مودی نے کل سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کی عمر کا حوالہ دے کر روپے کی قدر میں کمی کو ان کی گرتی عمر سے جوڑ دیا تھا آج میں آپ کی قابل احترام والدہ کی عمر سے اس روپے کی گرتی ہوئی قدر سے تقابل کرتا ہوں۔ چیف منسٹر گجرات روپانی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس قائدین اخلاقی گراوٹ کی حد کو پار کرچکے ہیں اس لئے یہ لوگ تحقیر آمیز ریمارکس کررہے ہیں جو ان کی مایوسی کا مظہر ہے۔ راج ببر کو اپنے ریمارک پر وزیراعظم مودی سے معافی مانگنی چاہئے۔