مودی کی عبدالفتاح سیسی سے ملاقات

ہند۔ مصر تعلقات کو مستحکم بنانے کا عہد
ژیامن ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج یہاں مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی اور بات چیت کے دوران باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ مودی بریکس کی 9 ویں چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے 3 ستمبر کو چینی بندرگاہ کے اس شہر کو پہنچے تھے اور تین روزہ دورہ کے آخری دن دو قائدین سے باہمی بات چیت کی۔ انہوں نے سیسی کے بعد چینی صدر ژی جن پنگ سے بھی ملاقات کی تھی۔ سیسی سے ملاقات کے بعد مودی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات پر کافی خوشی ہوئی ہے۔ ہم نے مصر کے ساتھ اپنے تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے موضوع پر بات چیت کی۔

دہشت گردی کیخلاف مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور
ساتھی ترقی پذیر ممالک سے بہتر ساجھیداری کا تیقن : مودی
ژیامن ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے دہشت گردی کے خلاف مہم میں منظم و مربوط اقدام کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس ضمن میں 10 نکات تجویز کیا جس کے ذریعہ بریکس کی قیادت میں عالمی سطح پر تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ بریکس چوٹی کانفرنس کے موقع پر چین کے زیراہتمام ’’بریکس ابھرتی ہوئے مارکٹس اور ترقی پذیر ممالک کے مابین مذاکرات کے زیرعنوان منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے ترقی کیلئے ہندوستان اپنی امنگوں کی تکمیل کے ساتھ اس سفر میں اپنے ساتھی ترقی پذیر ملکوں سے ساجھیداری کا یقین بھی دلایا۔ مودی نے کہا کہ ’’ہم جو کچھ بھی کریں گے، ساری دنیا پر اس کے خاطرخواہ اثرات مرتب ہوں گے۔ چنانچہ یہ ہمارا فرض اور ذمہ داری ہیکہ ایک اچھی دنیا بنائیں۔ چنانچہ ایک بہتر دنیا کی تعمیر کیلئے ’’بریکس‘‘ کے ذریعہ اینٹ پر اینٹ رکھی جائے‘‘۔ اس اہم مذاکرہ میں بریکس کے دیگر رکن ممالک برازیل، روس، چین، جنوبی افریقہ کے سربراہان کے علاوہ پانچ مہمان ممالک مصر، تاجکستان، تھائی لینڈ، میکسکو اور کینیا کے قائدین بھی شرکت کررہے ہیں۔ وزیراعظم مودی نے ان ممالک کو ہندوستان کے قریبی اور قابل قدر ساجھیدار قرار دیا۔