مودی کی صدر افغانستان اشرف غنی کو مبارکباد ، ہر قدم پر ساتھ دینے کی یقین دہانی

نئی دہلی ۔ 15 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج افغانستان کے نئے صدر اشرف غنیکو مبارکباد دی اور یقین دہانی کرائی کہ ہندوستان بحیثیت دوست اور پارٹنر ہر قدم پر ان کی حکومت کے ساتھ ہوگا تاکہ ایک طاقتور اور پرامن افغانستان کی تعمیر یقینی ہوسکے۔ نریندر مودی کے ساتھ ٹیلیفون پر ہوئی گفتگو کے دوران اشرف غنی نے ہندوستان کو افغانستان کی ڈپلومیسی اور معاشی لائحہ عمل کی بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے دونوں حکومتوں بشمول قومی سلامتی مشیروں اور معاشی مشیروں کے مابین فوری بات چیت شروع کرنے کی تجویز پیش کی۔ وزیراعظم نے صدر دانشمندی اور فراست کی تعریف کی اور ملک کو متحد، پرامن و ترقی کی راہ پر لے جانے ان کے عزم کی سراہنا کی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ایک وسیع تر مستحکم حکومت کے ذریعہ ملک میں سیاسی امن قائم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اشرف غنی کا تجربہ ہندوستان اور اس علاقہ کیلئے فائدہ مند ہوگا۔ وزیراعظم مودی نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان بحیثیت دوست اور پارٹنر ہر قدم پر ان کی حکومت کا ساتھ دے گا۔ افغانستان کے عوام اور سیاسی قائدین کے جمہوریت پرایقان کی ستائش کرتے ہوئے مودی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اشرف غنی کی مہارت، عالمی تجربہ اور بنیادی معلومات ، معاشی اصلاحات کے علاوہ افغانستان کی ترقی میںمعاون ہوں گے۔