کولکاتا ، 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج سماجی سلامتی کی تین نمایاں اسکیمات کا اعلان کیا جن میں فی یوم ایک روپیہ سے کم کے بدلے بیمہ کروانا شامل ہے، جبکہ اس پُرعزم پروگرام کو اُس ڈائس سے شروع کیا جہاں سخت نقاد اور چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی بھی موجود تھیں۔ مغربی بنگال کے 2.74 لاکھ کروڑ روپئے کے قرض بوجھ کی مکمل معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے ممتا نے بھی مودی کی مرکز اور ریاستوں کو مل جل کر کام کرنے کی اپیل کو اپنی حمایت پیش کی تاکہ اس ملک کے غریبوں کی بھلائی اور ترقی ہوسکے۔ رابندر ناتھ ٹیگور اور گوپال کرشنا گوکھلے کے الفاظ کو استعمال کرتے ہوئے مودی نے کہا، ’’آج بنگال جو کچھ سوچتا ہے، ہندوستان وہ کل سوچتا ہے‘‘ اور مزید کہا کہ اگر غریبوں تک رسائی نہ ہو تو ترقی کا عمل نامکمل رہے گا۔ ممتا جو مودی اور بی جے پی کی کٹر نقاد رہی ہیں جو مغربی بنگال میں قدم جمانے کیلئے بہت کوشش کررہے ہیں، انھوں نے یہ بھی کہا کہ پچھڑے اور غریب لوگ اس ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ ساتھ ہی دونوں قائدین جو مودی کے وزیراعظم بننے کے بعد سے پہلی مرتبہ کسی ڈائس پر جمع ہوئے، انھوں نے ایک دوسرے پر چوٹ کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑا۔
ممتا نے کہا، ’’ہماری حکومت نے لڑکیوں کی بہبود کیلئے کنیاشری اسکیم شروع کی تھی۔ اس کیلئے ہم نے 1000 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ لیکن اسی نوعیت کی مرکزی اسکیم ’بیٹی پڑھاؤ بیٹی بچاؤ‘ کا الاٹمنٹ صرف 100 کروڑ روپئے ہے‘‘۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اس ریاست میں تمام گاؤں پنچایتوں کا کوئی بینک کے ذریعے احاطہ نہیں ہوا ہے اور مطالبہ کیا کہ کم از کم ایک بینک برانچ ہر جگہ ہونی چاہئے۔ اس پر مودی نے کہا: ’’اس سرزمین کو لکشمی اور سرسوتی دونوں کا آشیرواد ہے۔ اس زمین نے مینوفیکچرنگ میں بہت کچھ حصہ ادا کیا ہے۔ اب وہ کہہ رہی ہیں کہ تمام دیہات میں کوئی بینک شاخیں نہیں ہیں۔ گزشتہ 60 برسوں میں کیا ہوا؟ چیف منسٹر یہ اس لئے کہہ رہی ہیں کیونکہ وہ مانتی ہیں کہ اگر کچھ کیا جاسکتا ہے تو یہ میرے ذریعے ہی کیا جاسکتا ہے۔‘‘ ’پردھان منتری جیون جیوتی بیما یوجنا‘ 18 تا 50 سال کی عمر کے زمرے میں بچت کے تمام بینک کھاتہ داروں کو 2 لاکھ روپئے کا ایک سالہ قابل تجدید زندگی بیمہ سالانہ 330 روپئے کی بیمہ رقم پر پیش کرے گی، جس میں کسی بھی وجہ کے سبب موت کا احاطہ کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں ’پردھان منتری سُرکشا بیمہ یوجنا‘ اور ’اٹل پنشن یوجنا‘ بھی مختلف فوائد کے ساتھ پیش کئے جارہے ہیں۔