جی ایس ٹی سے عام آدمی شدید متاثر، تلگودیشم مہاناڈو سے چندرابابو کا خطاب
حیدرآباد 27 مئی (سیاست نیوز) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو نے پارٹی مہاناڈو کے پلیٹ فارم سے وزیراعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کی اور کہاکہ بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت میں صرف باتیں ہی زیادہ ہیں لیکن عملی اقدامات برائے نام ہیں۔ چندرابابو نے وزیراعظم کے اعلانات کا مضحکہ اُڑایا اور کہاکہ مودی صرف اور صرف پبلسٹی تک محدود وزیراعظم ہیں کیوں کہ مودی کے اعلانات سے کسی کو بھی کوئی فائدہ نہیں ہوسکا۔ انھوں نے مہاناڈو میں شریک افراد سے استفسار کیاکہ کیا آپ نے مودی کی اسکیمات سے فائدہ حاصل کیا ہے؟ نریندر مودی کو ہدف ملامت بناتے ہوئے نائیڈو نے کہاکہ مودی نے اپنے چند سیاسی مفادات کے حصول کلے لئے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر نوٹ بندی کرکے ملک کے بینکنگ شعبہ کو تباہ کردیا اور عوام کو بینکوں کے چکر کاٹنے پر مجبور کردیا۔ جی ایس ٹی کا تذکرہ کرتے ہوئے چیف منسٹر نے سخت لہجہ میں کہاکہ جی ایس ٹی پر عمل آوری سے عام آدمی پر بھاری مالی بوجھ عائد ہوا ہے۔ قومی صدر تلگودیشم پارٹی نے بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ بی جے پی ملک بھر میں آلودہ و فرقہ پرست سیاست کررہی ہے اور ریاست کرناٹک میں ارکان اسمبلی کو خریدنے اور رقومات کی معاملتیں کرتے ہوئے آڈیو ٹیپس کے ذریعہ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔ اقدار کے تعلق سے بی جے پی کا اظہار کرنا انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ ٹاملناڈو میں ششی کلا کا جو حشر ہوا وہی حشر آئندہ بی جے پی کا ہوگا۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی صدر جگن موہن ریڈی کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہاکہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی آندھراپردیش کو خصوصی موقف فراہم کرنے کی مجاز مرکزی بی جے پی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے تلگودیشم کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہے اور ریاست کو خصوصی موقف فراہم کرنے کا وعدہ کرکے آندھراپردیش کے ساتھ دھوکہ کرنے والی بی جے پی کے ساتھ ساز باز کرکے بی جے پی کی بھرپور تائید کررہی ہے۔