مودی کی جیت پر مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری

عالمی رہنماؤں نے وزیراعظم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا
نئی دہلی۔26 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی تاریخی جیت کے لئے وزیراعظم نریندر مودی کو عالمی رہنماؤں کی جانب سے مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔وزارت خارجہ کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد پرنس محمد بن سلمان، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آلثانی، جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل، برطانیہ کی وزیر اعظم تھریسا مئے ، سری لنکا کے سابق صدر مہندا راج پکشے سمیت دنیا کے کئی لیڈروں نے وزیراعظم نریندر مودی کو فون کرکے مبارکباد دی ہے ۔ مودی نے کراؤن پرنس محمد بن سلمان کا گرمجوشی سے مبارکباد دینے کے لئے شکریہ اداکیا اور ہندوستان کے لوگوں کے ساتھ ان کی بیش قیمت دوستی اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کو آگے بڑھانے میں ان کی ذاتی دلچسپی کے لئے ان کی تعریف کی۔قطر کے امیر نے وزیر اعظم کو گرمجوشی سے مبارکباد دی اور ہندوستان اور قطر کے درمیان مستحکم رشتوں اور تعلقات کا ذکر کیا۔

وزیراعظم نے امیر قطر شیخ تمیم بن احمد آلثانی کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری کی تعمیر میں ان کی رہنمائی کی ستائش کی۔وزیر اعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے چانسلر مرکل نے دونوں ممالک کے درمیان مستحکم ہوتے تعلقات کا ذکر کیا اور باہمی مفادات کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے انجیلا مرکل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ عالمی امن اور خوشحالی کے لئے دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے میں ان کی طرف سے پیش مثالی کردار کا ذکر کیا۔دونوں لیڈر جاپان کے اوساکا میں آئندہ G-20 سربراہی اجلاس کے لئے پرجوش ہیں۔ برطانیہ کی وزیر اعظم تھریسامئے نے مضبوط مینڈیٹ کیلئے وزیراعظم مودی کو مبارکباد دی۔عام انتخابات کو جمہوریت کے لئے ایک اہم ’شو کیس‘ بتاتے ہوئے تھریسا مئے نے ہندوستان کے لوگوں کے اس اہم انتخابی عمل میں شامل ہونے کی تعریف کی۔وزیر اعظم مودی نے ان کا شکریہ ادا کیا اور تمام شعبوں میں برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے کام جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے سری لنکا کے سابق صدر راج پکشے کو مبارکباد دینے کیلئے شکریہ ادا کیا۔