سرحد پر ڈوکلم تنازعہ، وزیراعظم چینی صدر کے ساتھ جھولہ جھولنے میں مصروف: راہول
امیٹھی۔4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے آج مرکز کو روایتی طنز و تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دعوی کیا کہ غیر معمولی تشہیر شدہ بلٹ ٹرین پراجیکٹ محض ایک ’جادوئی ٹرین‘ہے جو کبھی حقیقت میں تبدیل نہیں ہوگی۔ نریندر مودی کے زیرقیادت مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ سرحد پر ڈوکلم جیسا مسئلہ ہونے کے باوجود وزیراعظم کو چینی صدر کے ساتھ جھولہ جھولتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے پارلیمانی حلقہ امیٹھی کے علاقہ فرصت گنج میں اپنی پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’مودی کی بلٹ ٹرین ایک طلسماتی ٹرین جیسی ہے۔ یہ جادوئی ٹرین کبھی حقیقت میں تبدیل نہیں ہوگی۔ پارلیمنٹ میں حلقہ امیٹھی کی نمائندگی کرنے والے راہول گاندھی نے مرکز پر تنقیدوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ نوٹ بندی کے فیصلے نے تمام سطحوں پر کاروباری سرگرمیوں کو ٹھپ کرنے کے سواء کچھ نہیں کیا۔ راہول نے قریبی موضع میں ایک کسان کے گھر پہنچ کر پرسہ دیا جو (کسان) ان کے سرکاری مرکز پر اپنی فصل کی فروخت کے انتظار میں فوت ہوگیا تھا۔