کولمبو۔22مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) سری لنکاکی نئی حکومت نے ایک حیرت انگیز اقدام کرتے ہوئے طویل مدت سے زیرالتواء سی ای پی اے پر ازسرنو غور کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے حکومت سری لنکا کو نرمی کے ساتھ اس کی ترغیب دی گئی تھی ۔ صدر سری لنکا مائتری پالا سری سینا نے حال ہی میں چیمبر آف ینگ لنکن صنعت کاروں کے ایک حالیہ اجلاس میں تیقن دیا تھا کہ وہ جامع معاشی شراکت داری معاہدہ ( سی ای پی اے ) پر مزید پیشرفت نہیں کریں گے ۔ کیونکہ کوئی بھی ایسا معاہدہ دیسی شعبہ صنعت کیلئے نقصاندہ ثابت ہوگا ۔ سری سینا قبل ازیں کہہ چکے ہیں کہ وہ دانستہ طور پر سی ای پی اے کو فبروری میں ہندوستان کے دورہ کے موقع پر اپنے ایجنڈہ میں شامل کرنے سے گریز کرچکے ہیں ۔ سری لنکا کے سنڈے ٹائمز کی خبر کے بموجب باوثوق ذرائع نے کہا کہ اعلیٰ سطحی باہمی روابط کمیٹی تشکیل دی گئی ہے تاکہ اس مقصد سے ایک نیا مسودہ تیار کرے ۔