حیدرآباد۔/7مئی، ( پی ٹی آئی) وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر جگن موہن ریڈی نے مابعد انتخابات بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کی تائید یا مخالفت کے بارے میں واضح طور پر کچھ کہنے سے انکار کردیا۔ اس سوال پر کہ آیا آپ کی پارٹی مرکز میں کس کی تائید کرے گی۔ جگن موہن ریڈی نے کہا کہ ’’ یہ بات کسی مودی، ٹام، ڈگ یا ہیری کی نہیں ہے، ہماری تمام تر فکر نئی ریاست کی ترقی پر مرکوز ہے۔ ہم دہلی میں خود کو اس طرح سپرد کرنا نہیں چاہتے جیسا چندرا بابو نائیڈو نے اپنے آپ کو کیا ہے
لیکن ہم مرکز میں قیام حکومت کے ضمن میں ایک انتہائی کلیدی رول ادا کریں گے اور تلگو وقار و احترام برقرار رکھیں گے۔‘‘ جگن موہن ریڈی نے کہا کہ ریاست کی ترقی ان کے ایجنڈہ میں اولین ترجیح کی حامی ہے کیونکہ کانگریس نے غیر معقول انداز میں ریاست کو تقسیم کیا ہے اور تلنگانہ بل کو کانگریس نے جلد بازی میں منظور کروالیا ۔ اس عمل میں بی جے پی اور تلگودیشم پارٹی بھی برابر کی شریک ہیں۔ جگن موہن ریڈی نے یاد دلایا کہ’’ سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم نے ایوا ن میں ایک مکتوب پڑھ کر سنایا اور اس مکتوب میں شامل بعض فقرے بل میں شامل نہیں تھے۔