مودی کی اہلیہ یشودھا بین کی سکیورٹی امور پر دوسری آر ٹی آئی درخواست

احمد آباد ۔ /3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی اہلیہ یشودھا بین نے آر ٹی آئی کے تحت دوسری اپیل دائر کرتے ہوئے انہیں سکیورٹی کے بارے میں تفصیلات طلب کی ہیں ۔ چار ماہ قبل انہیں اس بارے میں اطلاعات فراہم کرنے سے انکار کردیا گیا تھا ۔ یشودھا بین نے وکیل سندیپ مودی کے ہمراہ اسٹیٹ انفارمیشن کمشنر کے پاس گاندھی نگر میں کل دوسری اپیل دائر کی ۔ انہوں نے نومبر 2014 ء میں دائر کردہ آر ٹی آئی درخواست میں انہیں ملنے والی سکیورٹی کے بارے میں وضاحت طلب کی تھی اور ساتھ ہی ساتھ یہ بھی جاننا چاہا تھا کہ انہیں کس نوعیت کی سکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔ یشودھا بین نے اس ضمن میں حکومت کی جانب سے پروٹوکول کے مطابق دی جانے والی سکیورٹی کی مصدقہ نقولات طلب کی ہیں ۔یشودھا بین اپنے بھائی اشوک مودی کے ساتھ مہسنا میں رہتی ہیں۔