مودی کی اپیل پر تمام اسکولوں میں دو منٹ کی خاموشی

پشاور دہشت گرد حملے میں مہلوک اسکولی بچوں کا سوگ ، غمزدہ خاندانوں سے تعزیت
نئی دہلی ؍ سرینگر ۔ 17 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی شہر پشاور کے ایک فوجی اسکول پر خوفناک دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان سے اظہاریگانگت کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے کی گئی اپیل پر آج ملک بھر کے تمام اسکولوں میں دومنٹ کی خاموشی منائی گئی۔ چند اسکولوں میں دعائیہ اجتماعات بھی منعقد کئے گئے اور اسکولی بچوں نے سیاہ پٹیاں باندھے ہوئے ان بچوں کی یاد میں پلے کارڈس لہرایا جو بچے گذشتہ روز پشاور کے اسکول میں دہشت گرد حملوں کے سبب ہلاک ہوگئے تھے۔ اسکولی طلبہ نے خاموشی کے دوران سانحہ پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے مہلوک بچوں کی یاد میں موم بتیاں روشن کیں۔ کانپور کے ایک اسکول میں طلبہ کی جانب سے لہرائے جانے والے ایک پلے کارڈ پر دہشت گردی کے خلاف نعرے درج تھے۔ ایک پلے کارڈ پر ’’ساری دنیا ایک ہے۔ کرہ ارض کو بے رحمانہ بربریت سے بچایا جائے‘‘ درج تھا۔ پشاور کے فوجی اسکول میں گذشتہ روز پاکستانی طالبان کے 7 حملہ آوروں کی وحشیانہ کارروائی میں 141 افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں 132 اسکولی بچے تھے۔