مودی کی انجیلا مرکیل سے بات چیت

فرینکفرٹ 17 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکیل سے بات چیت کی اور ان پر واضح کیا کہ جرمنی ہندوستان کا ایک قابل قدر دوست ہے اور وہ باہمی تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے ان کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ مودی نے برازیل سے واپسی کے موقع پر جرمنی میں اپنے توقف کے موقع پر مرکیل سے بات چیت کی ۔ مودی برازیل میں برکس چوٹی کانفرنس میں شرکت کے بعد وطن واپس ہو رہے تھے ۔ جرمنی نے مودی کو باہمی امور پر تبادلہ خیال کیلئے جرمنی کے دورہ کی دعوت دی ۔ اپنے ہوٹل سے مودی نے جرمن لیڈر سے بات چیت کی اور انہیں ہند ۔ جرمن مشاورت کیلئے آئندہ سال دورہ ہند کی دعوت دی ۔ وزیر اعظم نے انجیلا مرکیل کو ان کی 60 ویں سالگرہ پر مبارکباد بھی پیش کی ۔ مودی نے بات چیت کے بعد اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ انہوں نے چانسلر مرکیل کے ساتھ فون پر بات چیت کی ہے

اور انہیں سالگرہ پر مبارکباد دی ۔ اس کے علاوہ جرمنی کی جانب سے فیفا ورلڈ کپ جیتنے پر بھی مبارکباد دی گئی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی ہندوستان کا ایک قابل قدر دوست ہے اور وہ چانسلر مرکیل کے ساتھ دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے کام کرنے کے منتظر ہیں۔ مودی برازیل جاتے ہوئے برلن میں توقف کے دوران بھی انجیلا مرکیل سے ملاقات نہیں کرسکے تھے ۔ اس وقت ملاقات متوقع تھی لیکن مرکیل جرمنی کے ورلڈ کپ فائنل کے سلسلہ میں برازیل روانہ ہوگئی تھیں۔ اس بات چیت کو عہدیداروں نے انتہائی کامیاب قرار دیا ہے اور کہا کہ وزیر اعظم نے یہ واضح کردیا ہے کہ جرمنی کو ہندوستان ایک بہت اہم شراکت دار سمجھتا ہے اور ان کی حکومت باہمی تعلقات اور حکمت عملی شراکت کو مستحکم اور مضبوط بنانے کیلئے کام کرنا چاہتی ہے ۔ مودی نے مرکیل کو 2015 میں ہند ۔ جرمنی مشاورت کے سلسلہ میں دورہ ہند کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی ۔ مرکیل نے ہندوستان کو 2015 میں شراکت دار ملک ٹریڈ فئیر میں شرکت کی بھی دعوت دی ۔ دونوں قائدین نے باہمی تعاون کے مسائل پر بھی مختصر تبادلہ خیال کیا ۔