نئی دہلی 11 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ابو ظہبی کے ولیعہد سے فون پر بات کی اور انہیں تنظیم اسلامی کانفرنس کے اجلاس سے خطاب کیلئے ہندوستان کو مدعو کرنے پر اظہار تشکر کیا ۔ وزیر اعظم اور شیخ محمد بن زید النیہان نے جو ابوظہبی کے ولیعہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر بھی ہیںدونوں ملکوں کے مابین تعاون میں ہمہ جہتی فروغ پر مسرت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور حکمت عملی شراکت کو مزید آگے بڑھانے سے بھی اتفاق کیا ہے ۔ وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں یہ بات بتائی گئی ۔ مودی نے ولیعہد سے اظہار تشکر کیا کہ انہوں نے ہندوستان کو تنظیم اسلامی کانفرنس کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کیلئے مدعو کیا تھا ۔ ہندوستان کی نمائندگی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اس اجلاس میں کی تھی ۔