وجئے واڑہ۔/4مارچ، ( پی ٹی آئی) سی پی آئی قومی جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کی’’ میک اِن انڈیا ‘‘ مہم پر شدید تنقید کی اور کہا کہ یہ صرف ایک نعرہ ہے جبکہ عملی کام کچھ نہیں ہورہا ہے۔ سی پی آئی کی 25ویں ریاستی کانفرنس کے دو روزہ وفود سیشن کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی کا ’’ میک اِن انڈیا ‘‘ نعرہ صرف ملک کے بیروزگار نوجوانوں کو دھوکہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ محض ایک نعرہ ہے جبکہ حقیقت میں مودی غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کارپوریٹ شعبہ کو راغب کررہے ہیں۔ اس مقصد کیلئے کارپوریٹ ٹیکس میں کمی اور ویلتھ ٹیکس کو ختم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کارپوریٹ ادارے جنہیں اب مغربی ممالک میں کوئی موقع نہیں رہا وہ اپنے فائدے کیلئے ہندوستان کی طرف توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی صنعتی پالیسیاں اس انداز میں بنائی جارہی ہیں کہ بڑے ہندوستانی کارپوریٹ اداروں اور غیر ملکی کمپنیوں کو ہی فائدہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ اب حکومت انشورنس شعبہ میں ایف ڈی آئی کی تجویز رکھتی ہے اس سے ایل آئی سی پر اثر پڑے گا۔ یہی نہیں بلکہ دفاعی شعبہ میں بھی ایف ڈی آئی کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی شرح ترقی 8فیصد ہونے حکومت کا دعویٰ اس بات کا ثبوت ہے کہ صرف چند کارپوریٹ اداروں کو فائدہ پہنچ رہا ہے اور غریب حقیقی فوائد سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے معیشت میں ترقی کی ہے لیکن انسانی بہبود کے معاملہ میں نہیں کی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مودی کی مخالف عوام حکومت کو سمجھیں اور اس کے خلاف جدوجہد کریں۔
اس معاملہ میں بائیں بازو جماعتیں متحدہ طور پر کوشش کررہی ہیں۔ قومی سنٹرل کمیٹی کے رکن ڈاکٹر نارائنا اور ریاستی سکریٹری کے راما کرشنا کے علاوہ دیگر نے بھی مخاطب کیا۔