مودی کیخلاف پاکستانی پنجاب کی اسمبلی میں قرارداد

لاہور ۔ 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ پنجاب کی اسمبلی میں آج ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کے بلوچستان اور گلگت ۔ بلتستان کے بارے میں ریمارکس کی مذمت کی اور وفاقی حکومت سے کہا کہ اس مسئلہ کو اقوام متحدہ کے بشمول بین الاقوامی فورموں میں اٹھایا جائے۔ پنجاب کے وزیرقانون رانا ثناء اللہ کی پیش کردہ قرارداد جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا ، اس میں کہا گیا کہ ایوان بلوچستان اور گلگت ۔ بلتستان سے متعلق مودی کے بیان کی مذمت کرتا اور اسے پاکستان کے امور میں مداخلت قرار دیا گیا۔
سمجھوتہ انکوائری میں تاخیر پر پاکستان کا اظہارتشویش
اسلام آباد ۔ 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا جسے اس نے 2007ء کے سمجھوتہ ایکسپریس بم دھماکہ کیس کی تحقیقات میں غیرضروری تاخیر قرار دیا۔ دفترخارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان نے سمجھوتہ ایکسپریس دہشت گردانہ حملہ کی آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات میں غیرضروری تاخیر پر اپنی گہری تشویش سے ہندوستان کو واقف کرایا ہے۔ ہم ہندوستانی حکومت سے یہ اپیل بھی کرتے ہیں کہ اس حملہ کی تحقیقاتی کارروائی کے تعلق سے معلومات کا تبادلہ کریں۔ اس واقعہ میں 42 پاکستانی ہلاک ہوئے تھے۔