وارناسی 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے لیڈر اروند کجریوال نے آج اعلان کیاکہ وہ وارناسی سے بی جے پی امیدوار نریندر مودی کے خلاف مقابلہ کریں گے۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ نریندر مودی اور راہول گاندھی صنعتی گھرانوں کے ایجنٹ ہیں۔ کجریوال نے کہاکہ مودی جہاں بھی جائیں وہ اُن کا پیچھا کریں گے اور اُن کے خلاف مقابلہ کیا جائے گا۔عام آدمی پارٹی کے لیڈر اروند کجریوال پر وارناسی میں روڈ شو کے دوران سیاہی اور انڈے پھینکے گئے جب وہ کال بھیرو اور کاشی وشواناتھ مندروں کے درشن کے بعد باہر نکل رہے تھے۔
چند نامعلوم افراد نے کجریوال کے چہرہ اور شرٹ پر سیاہی پھینک دی۔ اترپردیش میں عام آدمی پارٹی کے انچارج سنجے سنگھ اور دہلی کے سابق وزیر قانون سومناتھ بھارتی کو بھی ان افراد نے نشانہ بنایا۔ حلقہ لوک سبھا وارناسی میں جہاں سے بی جے پی وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی بھی مقابلہ کریں گے، کجریوال کو عوام کے ملے جلے ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔ کہیں ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا تو کہیں اُنھیں چند افراد کے معمولی احتجاج کا سامنا بھی رہا۔کجریوال نے عوام سے اپیل کی کہ وہ وارناسی سے مودی اور امیٹھی سے راہول گاندھی کی شکست یقینی بنائیں تاکہ این ڈی اے اور یو پی اے دونوں کو جھٹکہ پہونچے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دوفوجی ہیں، ایک کا نام یو پی اے اور دوسرے کا نام این ڈی اے ہے۔
راہول گاندھی یو پی اے کے شہنشاہ اور مودی این ڈی اے کے ہیں۔ اگر ان دونوں کو شکست ہوجائے تو ان کی فوج خود بخود کچلی جائے گی۔ انہوں نے راہول گاندھی اور مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ صنعتی گھرانوں جیسے امبانی اور ادانی کے فراہم کردہ طیاروں اور ہیلی کاپٹرس میں سفر کرتے ہیں۔ ان کے انتخابی مصارف بھی وہی برداشت کر رہے ہیں چنانچہ جو بھی جیتے اس کا کنٹرول امبانی کے ہاتھوں میں ہوگا۔ اروند کجریوال جس وقت خطاب کر رہے تھے، اذان کی آواز سن کر انہوں نے تقریر روک دی۔ کجریوال نے عوام سے پوچھا کہ کیا انہیں وارناسی سے مقابلہ کرنا چاہئے یا نہیں جس پر تمام شرکاء نے اثبات میں جواب دیا ، اس کے بعد انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم میں وہ کامیاب رہے اور اکثریت نریندر مودی سے ان کے مقابلہ کے حق میں ہے۔