مودی کو چین کیساتھ تعاون میں مزیداضافہ کا یقین

نئی دہلی ۔ 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے دورہ چین سے قبل اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کا مجوزہ دورہ مختلف شعبوں میں تعاون، علاقائی استحکام اور ایشیاء میں ترقی و خوشحالی کیلئے ایک مضبوط بنیاد رکھے گا۔ نریندر مودی نے انگریزی اور چینی زبانوں میں ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’ہماری دو قدیم تہذیبوں اور دو سب سے بڑے ترقی پذیر ملکوں کے درمیان دوستی کو فروغ دینے کیلئے 14 تا 16 مئی دورہ چین کا منتظر ہوں‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ چین میں وہ صدر ژی جن پنگ کے آبائی مقام زی، آن کے علاوہ بیجنگ اور شنگھائی کا دورہ بھی کریں گے۔ مودی نے کہا ’’میں صدر ژی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیقیانگ کیساتھ بامقصد اور ثمرآور بات چیت کا بے چینی سے منتظر ہوں۔ میرا دورہ چین کیساتھ معاشی تعاون میں اضافہ کیلئے ایک مضبوط بنیاد رکھے گا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے یہ بھی یقین ہیکہ میرا دورہ چین ایشیاء میں استحکام، ترقی و خوشحالی کو مزید مضبوط بنائے گا‘‘۔ مودی چین کے علاوہ منگولیہ کا دورہ بھی کریں گے۔ انہوں نے منگولیہ کو ’’اپنا روحانی دوست‘‘ قرار دیا اور کہا کہ بدھ ازم اور جمہوریت نے دونوں ملکوں میں قربت کو برقرار رکھا ہے۔