نئی دہلی 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) نریندر مودی کو امریکی ویزا سے انکار کے بارے میں شاید پہلی مرتبہ وضاحت پیش کرتے ہوئے اوباما انتظامیہ نے آج کہا کہ یہ فیصلہ پیشرو حکومت کا تھا۔ امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے این ڈی ٹی وی کو آج بتایا کہ یہ ایک اہم فیصلہ تھا اور پیشرو حکومت نے یہ فیصلہ کیا تھا ۔ اب وہاں مختلف حکومت ہے جیسے یہاں ہندوستان میں الگ حکومت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزریر اعظم مودی کا خیر مقدم کریں گے ۔یقینا انہیں ویزا جاری کیا جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ ستمبر میں صدر اوباما کے ساتھ غیر معمولی ملاقات کے ہم منتظر ہیں۔ انہوں نے یہ بات اس وقت کہی جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ویزا جاری نہ کرنے کا فیصلہ ایک غلطی تھی کیونکہ امریکی حکومت اپنا موقف مکمل تبدیل کرچکی ہے۔
ہندوستان اور چین کی فوج میں محازآرائی ٹل گئی
نئی دہلی 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )فوج نے آج یہ اعترا ف کیا ہے کہ حقیقی خطہ قبضہ پر گشت کے دوران چین کی فوج کے ساتھ محاز آرائی کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی تاہم ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ۔ ان متنازعہ علاقوں میں چین کی فوج بھی مسلسل گشت کررہی ہے ۔ ہندوستانی فوج جب یہاں گشت کررہی تھی اس وقت ایک مرحلہ پر دونوں فوجوں کا آمنا سامنا ہوا تاہم ایسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایک میکانیزم تیار کیا گیا ہے ۔ فوج کے سبکدوش سربراہ جنرل بکرم سنگھ نے آج یہ بات بتائی۔جنرل دلبیر سوہاگ نے نئے فوجی سربراہ کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرلیا ہے ۔