لکھنو 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے آج کہا کہ الیکشن کمیشن کو بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی کے وارناسی سے پرچہ نامزدگی داحل کرنے کے ’’انداز‘‘ پر از خود نوٹ لینا چاہئے۔ ایک ایسے وقت جبکہ رائے دہی کا چھٹواں مرحلہ ملک گیر سطح پر بشمول اُتر پردیش منعقد کیا جارہا تھا بی جے پی کے امیدوار نریندر مودی نے اپنا پرچہ نامزدگی وارناسی کی نشست کیلئے کل داخل کیا۔ الیکشن کمیشن کو سخت اقدامات کرنے چاہئے کیونکہ نریندر مودی کے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا انداز عوامی مفاد میںنہیں تھا۔ مایاوتی نے کہا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ مودی کے جلسہ عام میں جو ہجوم جمع ہوگیا تھا اس میں سے بیشتر شہر کے باہر کے افراد تھے۔منصوبہ بند حکمت عملی کے تحت کہا گیا کہ یہ مجمع مقامی عوام کا تھا تا کہ پوروانچل میں اعظم ترین انتخابی فوائد حاصل کئے جاسکیں لیکن اس سے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔ مایاوتی نے الزام عائد کیا کہ یہ کوشش بی جے پی کے امیدوار کی تائید میں زبردستی فضاء سازگار بنانے کی کوشش کی تھی جس میں ذرائع ابلاغ کی تائید اور سرمایہ داروں کا پیسہ شامل تھا جو بظاہر نظر نہیں آرہا ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں کو تنقید کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ جب وہ برسر اقتدار آجائیں تو ایسی پالیسیاں بناتے ہیں جن سے سرمایہ داروں کو فائدہ ہوتا ہے اور اس طرح وہ حکومت چلاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بہت سوچ سمجھ کر ووٹ دینا چاہئے ورنہ ملک پیچھے کی طرف ڈھکیل دیا جائے گا۔بی جے پی کی سربراہ نے کہا کہ سرمایہ دار نجومیوں سے بھی سمجھوتہ کرچکے ہیں اور ان کی تائید میں فضاء ہموار کرنے کیلئے خطیر رقمیں خرچ کررہے ہیں۔ مایاوتی نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس کے درمیان تشکیل حکومت کیلئے مسابقت جاری ہے ۔ کانگریس اپنے غیر معلنہ وزیر اعظم کی حیثیت سے یوراج کو آگے بڑھا رہی ہے جبکہ بی جے پی نے مودی کو آگے رکھا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اگر مودی کو یو پی سے انتخابی مقابلہ کرنا ہے تو انہیں راہول سے مقابلہ کرنا چاہئے تھا۔ وارناسی کے بجائے امیتھی سے امیدوار بننا چاہئے تھا ۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے سوال کیا کہ کل کے واقعہ کے بعد صیانتی انتظامات پر خصوصی توجہ دینی چاہئے ۔ صرف وارناسی میں ہی نہیں بلکہ پورے پورونچل میںکئی مندر اور مسجدیں ہیں۔ مایاوتی نے مطالبہ کیا کہ ان مقامات کی ذمہ داری حکومت یو پی کے بجائے مرکز کو دی جانی چاہئے اور ضروری ہدایات جاری کی جانی چاہئے ۔ اگر واراناسی میںکوئی واقعہ پیش آتا ہے تو اس سے پورا ملک متاثر ہوگا ۔ ملائم سنگھ یادو کے وزیر اعظم کے بننے کے عزائم کے بارے میں مایاوتی نے کہا کہ انہیں اس میں ایک منصوبہ بند سازش نظر آرہی ہے۔