مودی کو مسئلہ کشمیر کی عاجلانہ یکسوئی کا عمران خان کا مشورہ

لاہور ۔11 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے اپوزیشن قائد اور صدرنشین تحریک انصاف پارٹی عمران خان نے آج وزیراعظم ہند نریندر مودی سے اپیل کی کہ جس طرح انھوں نے واضح اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرتے ہوئے حکومت تشکیل دی ہے ۔ اُسی شاندار کامیابی کو وہ مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کیلئے استعمال کریں۔ ایک عظیم الشان عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ وہ نریندر مودی کو کچھ مفت کے مشورے دینا چاہتے ہیں کہ ہندوستانی عوام نے صد فیصد آپ کی تائید میں ووٹ دیئے اور آپ کی حکومت کو کسی بھی دیگر پارٹی کے اتحاد کی ضرورت بھی نہیں رہی لہذا عوام کے اس زبردست فیصلہ کو مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کے لئے فراخدلانہ طورپر استعمال کیا جائے ۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انھوں نے کہاکہ برصغیر میں بہت زیادہ غربت ہے لہذا دونوں ممالک جنگ میں ملوث نہ ہوتے ہوئے

اگر غربت کے خاتمہ کیلئے کام کریں تو بہتر ہوگا ۔ جنگ میں ہتھیاروں کی خریداری کے لئے کروڑہا روپیوں کو ضائع کرنے سے کوئی فائدہ نہیں۔ دونوں ملکوں کو چاہئے کہ وہ برصغیر میں پائیدار امن کیلئے کام کریں۔ علاوہ ازیں باہمی تجارت کو فروغ دینے کی جانب بھی توجہ دیں۔ عمران خان نے اس موقع پر ایل او سی پر ہندوستانی افواج کی جارحیت پر وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی جانب سے کوئی مذمت نہ کئے جانے پر اُن کو ہدف تنقید بنایا ۔ انھوں نے کہاکہ ایل او سی پر ہندوستانی افواج کی فائرنگ سے اب تک کئی پاکستانی ہلاک ہوچکے ہیں۔ عمران خان نے کہاکہ وہ نواز شریف کی جانب سے مودی کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان ہندوستان کی جانب سے کئے جانے والے کسی بھی حملہ سے نہیں ڈرتا ۔ ایل او سی پر فائرنگ کے ذریعہ اگر ہندوستان یہ سمجھتا ہے کہ پاکستان خوفزدہ ہوجائے گا تو یہ ہندوستان کی خوش فہمی ہے ۔ پاکستان کسی بھی حملہ کا سامنا کرنے بالکل متحد ہے ۔