راشٹرپتی بھون میں بیرونی ممالک کے سربراہوں اور مہمانوں کے اعزاز میں بنکویٹ، صدرجمہوریہ کووند کا خطاب
نئی دہلی 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ رامناتھ کووند نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کو فیصلہ کن خط اعتماد ملنے سے ایک نئے ہندوستان کی تعمیر میں مدد ملے گی۔ عوام کی جانب سے نریندر مودی کو والہانہ حمایت حاصل ہوئی ہے۔ اِس ملک کو عالمی ترقیاتی رفتار کے مطابق آگے لیجانے میں کامیابی ملے گی۔ صدرجمہوریہ کل راشٹراپتی بھون میں منعقدہ حلف برداری تقریب کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔ بیرونی ممالک کے سربراہوں اور نمائندوں کے اعزاز میں ایک بنکویٹ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ رامناتھ کووند نے کہاکہ انتخابی نتائج کا یہ فیصلہ مودی کی نظریاتی قیادت کے عین مطابق ہے۔ عوام کی حمایت سے اب ایک نئے ہندوستان کی تعمیر شروع ہوگی۔ زیادہ دور کی بات نہیں اب بہت ہی جلد ہی ہندوستان ایک نئے شکل و صورت میں دنیا کے سامنے اُبھرے گا۔ ہمارے عوام کی جانب سے جو فیصلہ سنایا گیا ہے وہ ہندوستان کے حق میں بہتر ہے۔ اِس حکومت کے اندر ہر طبقہ کی خوشحالی، ترقی مضمر ہے۔ اِس ترقی اور خوشحالی سے کوئی پیچھے نہیں رہے گا۔ ماضی قریب میں ہندوستان میں نہایت ہی غربت پائی جاتی تھی اور عوام مفلوک الحال زندگی گزارتے تھے لیکن اب حکومت غربت کے خاتمہ کے لئے اہم رول ادا کررہی ہے، عوام میں خوشحالی واپس آرہی ہے۔ ہر لڑکی کے لئے تعلیم کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے ہندوستان کے اندر لڑکیوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کی پالیسیاں تیار کی گئی ہیں۔ ہندوستان کو ایک نئی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے
اور اِس ملک کی اصل طاقت نوجوان ہیں۔ نوجوانوں کو ملک کی ترقی کے لئے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ ہندوستان کی قدیم ثقافتی تاریخ اور تہذیبی اثاثہ جات کی جڑیں اِس ملک کے اندر گہرے ہیں۔ اب اِس ملک کو عالمی ترقی کا انجن بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ عالمی طاقتوں کے ساتھ مرکزی حکومت کے تعلقات بہتر ہورہے ہیں۔ صدرجمہوریہ نے کہاکہ ہمارے عوام میں بلندی تک پہونچنے کے جذبات پائے جاتے ہیں۔ ہر شہری اپنے طور پر بہتر زندگی گزارنے کی کوشش کررہا ہے۔ اِن کے لئے ایک اچھی حکمرانی فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ایک اچھی حکومت ہی ہر ایک کو یکساں مواقع فراہم کرتی ہے اور عوامی خدمات کو بہتر بناتی ہے۔ رامناتھ کووند نے کہاکہ نریندر مودی ایک ایسی حکومت کی قیادت کررہے ہیں جو پُرخلوص انداز میں عوام کے جذبات کو پورا کرنے اور اُن کی خواہشات کو پوری کرنے انتھک کوشش کررہی ہے۔ ہندوستان کا ہر شہری باوقار اور محترم طریقہ سے زندگی گزار رہا ہے۔ رامناتھ کووند نے کہاکہ ہندوستان کے خواب اِس کے اپنے خواب نہیں ہیں بلکہ یہ سارے ملک کے خواب ہیں اور ہم اپنی ترقی کے لئے لگاتار کام کرتے رہیں گے۔ اپنے قریبی دوستوں اور ہم سایہ ممالک کے ساتھ مل کر اِس خطہ کو خوشحال خطہ بنائیں گے۔ بحرہند کے آبی گذرگاہوں کو ترقی کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ خلیج بنگال سے روزگار کے مواقع کھولے جائیں گے۔ معاشی مواقع وسط ایشیاء میں زیادہ سے زیادہ پائے جاتے ہیں۔ ہمارے عوام کی بھی یہی خواہش ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ ترقی کریں۔