مودی کو طاقتور آر ٹی آئی کمشنر اور لوک ایوکت سے گرفتاری کا خوف :راہول گاندھی

الہ آباد 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی نے نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ انہیں آر ٹی آئی کمشنر اور لوک ایوکت کے گجرات میں تقرر سے اپنے پسندیدہ صنعتی گروپ کو فوائد پہنچانے کیلئے بے قاعدگیوں کے ارتکاب کے الزام میں جیل بھیجوادینا کا خوف ہے ۔ اسی وجہ سے وہ ان کے تقرر کی مخالفت کررہے تھے۔ ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس صنعتکاروں کو فوائد پہنچانے کی مخالف نہیں ہیں کیونکہ انہیں ترقی کی کوشش میں شراکت دار بنانا ضروری ہے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ان کی مہارت قابل قدر ہے لیکن مودی نے گجرات میں جو کچھ کیا وہ کاشتکاروں کی قیمت پر اپنے پسندیدہ صنعتی گروپ کو فائدہ پہنچانا تھا ۔ وہ مودی کو چیلنج کرتے ہیں کہ ریاست میں لوک ایوکت اور آر ٹی آئی کمشنر کا تقرر کروائیںجس سے وہ گذشتہ 10 سال سے گریز کررہے ہیں انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ایسا ہونے پر مودی سلاخوں کے پیچھے نظر آئیں گے ۔