مودی کو سلمان خاں کی ضرورت نہیں: بی جے پی

حیدرآباد۔/29جنوری، ( آئی این این ) بھارتیہ جنتا پارٹی نے آج کہا کہ اس کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار اور چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کو اپنی امیج بہتر بنانے کیلئے فلم اداکار سلمان خان کی ضرورت نہیں ہے، انہیں کسی اداکار کا تعاون نہیں چاہیئے۔ اسمبلی کے باہر میڈیا پوائنٹ پر بات کرتے ہوئے بی جے پی صدر جی کشن ریڈی نے کہاکہ نریندر مودی اور سلمان خان کے موقف کے درمیان کوئی سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا۔ مودی کو اقلیتوں میں اپنا امیج بہتر بنانے کیلئے سلمان خان کا ساتھ لینے ضرورت نہیں ہے۔

آئی آئی ٹی حیدرآباد کیلئے قرض
حیدرآباد۔/29جنوری، ( پی ٹی آئی) جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی نے آج انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی حیدرآباد کیلئے 1336کروڑکا قرض منظور کیا ہے۔ جاپان کے سرکاری ڈیولپمنٹس اسسٹنٹ لون نے 1.40 فیصد کی رعایتی شرح پر یہ قرض منظور کیا ہے جو 30سال کی مدت کے دوران قابل ادائیگی ہے۔ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی حیدرآباد کا حال ہی میں قیام عمل میں آیا ہے جہاں کیمپس کی تیاری کیلئے عمارات تعمیر کی جارہی ہیں۔