مودی کو دوسری میعاد سے روکنا سی پی ایم کا مقصد : یچوری

حیدرآباد۔ 19 مئی (این ایس ایس) سی پی ایم کے جنرل سیکریٹری سیتا رام یچوری نے آج کہا کہ ان کی پارٹی کا اہم مقصد وزیراعظم نریندر مودی کو دوسری میعاد پر واپسی سے روکنا ہے۔ تلگو دیشم پارٹی کے قومی صدر چندرا بابو نائیڈو سے اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کے بعد یچوری نے مزید کہا کہ مابعد انتخابی اتحاد کے بارے میں مذاکرات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 23 مئی کو انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد اس مسئلہ پر قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ سی پی ایم لیڈر نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ سوال کہ اتحاد کی قیادت کون کرے گا ، فی الحال اس موڑ پر کوئی اہمیت نہیں رکھتا۔انہوں نے کہا کہ وہ نتائج کے اعلان کے بعد کوئی فیصلہ کریں گے جس سے صدرجمہوریہ کو واقف کروایا جائے گا۔